Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / چست، چاق و چوبند رہنے کھیل کود میں حصہ لینا ضروری

چست، چاق و چوبند رہنے کھیل کود میں حصہ لینا ضروری

عادل آباد 6 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد کی پسماندگی کا لحاظ رکھتے ہوئے پچھڑے ہوئے ضلع کو ترقی کی سمت گامزن کرنے کے لئے ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے اپنی خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقر عادل آباد میں ریاستی سطح کے کھیلوں کا انعقاد عمل میں لایا۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما نے ضلع ایس پی کی خدمات کی ستائش کی۔ موصوف مستقر عادل آباد کے مہیلا اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں ریاستی سطح کے پولیس اسپورٹس افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے اپنے خطاب میں ضلع کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جہاں ضلع کو قدرتی وسائل سے مالا مال قرار دیا وہیں ضلع کو تمام مذاہب کا پرامن گہوارہ ثابت کیا۔ ضلع کلکٹر مسٹر ایم جگن موہن نے اپنے خطاب میں محکمہ پولیس کے تمام افراد کو قابل مبارکباد قرار دیا اور ہر روز کی مصروفیت سے بالاتر ہوکر اپنے آپ کو چست و چوبند رہنے کے لئے کھیل کود میں حصہ لینے کو ضروری قرار دیا۔ مسٹر راجیو ترویدی پرنسپل سکریٹری، مسٹر وی وی سرینواس انسپکٹر جنرل آف پولیس کے علاوہ صدرنشین بلدیہ شریمتی آر منیشا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ریاستی سطح پر کھیلے جانے والے مختلف کھیلوں کے مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے 308 خواتین کے بشمول 1500 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں حیدرآباد سٹی، سائبرآباد، ریلوے پولیس، گرے ہانڈ، حیدرآباد رینج، سنٹرل اسٹاف، ریاست تلنگانہ اسپیشل رینج نمبر ایک اور نمبر دو، نظام آباد، زیرتربیت ٹیم، ورنگل سٹی، ورنگل رینج اور کریم نگر رینج سے تعلق رکھنے والے پولیس مرد و خواتین شامل ہیں۔ کھلاڑی کے طعام و قیام کے لئے 37 مقامات پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم کے وسیع میدان کو والی بال، باسکٹ بال، ہینڈ بال، کبڈی، فٹ بال، ہاکی، ریسلنگ، ایتھلیٹکس، کینوئین، واٹر اسپورٹس، کایا کنگ، ٹگ آف وار، لان ٹینس، ٹیبل ٹینس، آرچری، سوئمنگ، شٹل، بیاڈمنٹن، جوڈو، جمناسٹک، ویٹ لفٹنگ، باکسنگ کے علاوہ دیگر مقابلوں کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ مسٹر انوراگ شرما نے مشعل روشن کرکے ارجن ایوارڈ یافتہ مسٹر جیرام کے حوالے کرتے ہوئے رسمی طور پر کھیلوں کا آغاز کیا۔

TOPPOPULARRECENT