Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / چلی کوپا امریکہ کے فائنل میں داخل

چلی کوپا امریکہ کے فائنل میں داخل

شکاگو۔23 جون (سیاست ڈاٹ کام )کوپا امریکہ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپیئن چلی نے کولمبیا کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے  جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔شکاگو میں کھیلا گیا سمیی فائنل تیز بارش کے باعث مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔چلی کے چارلس آرینگوئز نے کولمبیا کے گول کیپر ڈیوڈ اوسپینا کو چکمہ دیتے ہوئے دسویں منٹ میں پہلا گول بنایا دیا جس کے چار منٹ بعد تجربہ کار کھلاڑی جوز پیڈرو فوئنزیلیڈا نے گول کرکے برتری کو دوگنا کردیا۔کوپا امریکہ کپ کے فائنل میں چلی کا مقابلہ ارجنٹینا سے 27 جون کو نیوجرسی میں ہوگا۔ارجنٹینا نے میزبان امریکہ کو پہلے سیمی فائنل میں 0-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسرے سال فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا اور لیونل میسی نے ارجنٹینا کی طرف سے سب سے زیادہ 55 گول کرنے کا  ریکارڈ بناتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔واضح رہے چلی اور ارجنٹینا گزشتہ سال بھی کوپا امریکہ کے فائنل میں مدمقابل رہے تاہم چلی نے پینالٹی ککس پر کپ اپنے نام کیا تھا۔میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم کوچلی کے خلاف گزشتہ سال کا بدلہ چکانے کا موقع مل گیا ہے جبکہ اسٹار کھلاڑی ایونٹ کے آغاز میں صحت کے مسائل کا شکار تھے تاہم وہ بھرپور فارم میں واپس آگئے ہیں اور ارجنٹینا فائنل میں کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔دوسری جانب کولمبیا اور امریکہ ایونٹ کی تیسری ٹیم کے لئے مدمقابل ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT