Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / چمپینس لیگ سیمی فائنل میں رئیل میڈرڈ کا مانچسٹر سٹی سے مقابلہ

چمپینس لیگ سیمی فائنل میں رئیل میڈرڈ کا مانچسٹر سٹی سے مقابلہ

میڈ رڈ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنلس کے ڈرا کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس مرحلے میں ریئل میڈرڈ کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے جبکہ ایتھلیٹکو میڈرڈ کا سامنا بائرن میونخ سے ہو گا۔ ریئل میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کا مقابلہ کئی حوالوں سے دلچسپ ہے۔ ان دونوں کے سیمی فائنل میچ کا مطلب یہ ہے کہ اگر سٹی یہ میچ جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لے اور دوسری طرف سے بائرن میونخ ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے دے تو سٹی کا فائنل میں بائرن میونخ سے مقابلہ ہو گا جس کا مطلب یہ ہے کہ بائرن کے کوچ پیپ گارڈیولا کی ٹیم کے خلاف کھیلیں گے۔ گارڈیولا کچھ ہی ماہ بعد سٹی کے کوچ بننے والے ہیں۔ اس سیمی فائنل میں سٹی کے مینیجر مائیکل پیلیگرینی ہیں جو 2009 تا 2010 تک میڈرڈ کے مینیجر رہ چکے ہیں۔ ان کے مینیجر بننے کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے اپنے دور میں مانچسٹر یونائٹڈ کی طرف سے کھیلنے والے مشہورِ زمانہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو آٹھ کروڑ پاؤنڈ کی لاگت سے ٹیم میں لے کر آئے۔  تاہم انھیں ایک سیزن کے بعد ہی میڈرڈ کے مینیجر کے فرائض سے ہاتھ دھونے پڑے اور مینیجر کی ذمہ داری ہوزے مورینیو کو دی گئی، اس کی وجہ چیمپیئنز لیگ کے پہلے راؤنڈ میں میڈرڈ کی شکست اور مقامی چیمپیئن شپ میں بارسلونا کے خلاف شکست تھی۔ سٹی اور میڈرڈ کا پہلا سیمی فائنل اتحاد اسٹیڈیم میں 26 اپریل کو ہو گا جبکہ دوسرا چار مئی کو میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ پر ہوگا۔ یاد رہے کہ میڈرڈ نے ریکارڈ دس مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتی ہے اور ان کی طرف سے کھیلنے والے اسٹار اسٹرائیکر رونالڈو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں اور ولفسبرگ کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کر کے انھوں نے میڈرڈ کی سیمی فائنل کی راہ ہموار کی تھی۔ وہ اس سیزن میں بھی 16 گول اسکور کر کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ فائنل 28 مئی کو اٹلی کے اسین سیرو اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT