Wednesday , July 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / چمپینس ٹروفی میں ہندوستانی ٹیم کی شرکت کو بی سی سی آئی کی منظوری

چمپینس ٹروفی میں ہندوستانی ٹیم کی شرکت کو بی سی سی آئی کی منظوری

کھلاڑیوں کے ناموں کا آج اعلان ، آئی سی سی کو نوٹس دینے سے گریز
نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آئندہ ماہ منعقد شدنی چمپینس شپ ٹروفی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی شمولیت کو آج منظوری دے دی۔ اس ادارہ نے ابتدائی مرحلہ میں اس مسئلہ پر انتہائی جارحانہ تیور اختیار کئے تھے جس سے پیدا شدہ الجھن و غیریقینی اس کے موقف میں نرمی کے بعد بالآخر ختم ہوگئی۔ بورڈ نے اپنے خصوصی اجلاس عام میں یہ فیصلہ کیا جس میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل چمپینس ٹروفی کیلئے جو یکم جون سے شروع ہوگی، کل ہندوستانی اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا۔ منتظمین کی کمیٹی کی ہدایت پر آئی سی سی کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ خصوصی اجلاس عام نے عالمی کرکٹ ادارہ کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے اور اپنی کرکٹ ٹیم کو اس ٹروفی میں شرکت کیلئے روانہ کرنے سے متعلق منتظمین کی کمیٹی کی ہدایات کو من و عن قبول کرلیا۔ جس سے برطرف شدہ سرینواسن گروپ کو دھکہ لگا ہے جس نے جارحانہ تیور کو ترجیح دی تھی۔ سرینواس نے بھی بذات خود اسکائپ کے ذریعہ اجلاس کے مباحث میں حصہ لیا لیکن متصادم رویہ اختیار نہیں کیا۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے رکن راجیو شکلا نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’اجلاس کا نتیجہ مثبت رہا، ہندوستان اب چمپین ٹروفی میں حصہ لے گا۔ اس سے دستبرداری نہیں ہوگی۔ ہندوستانی اسکواڈ کے نام کل آئی سی سی کو روانہ کئے جائیں گے‘‘۔ شکلا نے مزید کہا کہ ’’اعزازی سیکریٹری (امیتابھ چودھری) کو جہاں تک مالیاتی امور اور ضابطہ کا معاملہ ہے، آئی سی سی سے دوبارہ بات چیت کا مجاز گردانا گیا ہے۔ ان پر کوئی شرط یا پابندی نہیں رہے گی۔ مالیہ اور انتظامات کے ضابطہ سے متعلق پانچ، چھ مسائل ہیں، جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ منتظمین کی کمیٹی کے سربراہ ونود رائے نے کہا کہ کھلاڑیوں کو وہ پہلے ہی مطلع کچکے ہیں کہ انہیں یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی چمپین ٹروفی میں کھیلنے کیلئے جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انیل کمبلے اور ویراٹ کوہلی سے وہ شخصی طور پر بات چیت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید 100 ملین امریکی ڈالر بھی ٹھیک رہیں گے۔ رائے نے کہا کہ ’’باہمی سیریز کھیلتے ہوئے ہندوستان خوب  پیسہ کما سکتا ہے۔ گھریلو میدان پر ایک میچ کھیلنے پر ہندوستانی ٹیم کو 45 کروڑ ملتے ہیں‘‘۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT