Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / چندرائن گٹہ میں پانی کی قلت دور کرنے اکبر اویسی سرگرم

چندرائن گٹہ میں پانی کی قلت دور کرنے اکبر اویسی سرگرم

روزنامہ سیاست کی خبر کا اثر
چندرائن گٹہ میں پانی کی قلت دور کرنے اکبر اویسی سرگرم
محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں سے ملاقات ، عوامی شکایات کو دور کرنے نمائندگی
حیدرآباد۔ 16 ( سیاست نیوز) شکریہ صاحب ہماری بات آپ تک پہنچی اور آپ نے مسئلہ کے حل کیلئے نمائندگی کرتے ہوئے پانی کے مسائل کو دور کرنے کی سمت عہدیداروں کو توجہ دلوائی۔ شہر حیدرآباد کے حلقۂ اسمبلی چندرائن گٹہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت اور سربراہی میں آنے والی مشکلات کے متعلق 15اگسٹ کے روزنامہ سیاست میں خبر شائع ہوتے ہی متعلقہ رکن اسمبلی مسٹر اکبر الدین اویسی نے آج 16اگسٹ کو اپنے حلقہ کے کارپوریٹرس کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر واٹر ورکس مسٹر دانا کشور سے ملاقات کرتے ہوئے حلقۂ اسمبلی چندرائن گٹہ کے آبرسانی مسائل کو دور کرنے کیلئے نمائندگی کی۔ کاش دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہوتی اور منتخبہ عوامی نمائندوں کو توفیق حاصل ہوتی کہ وہ بھی مسائل سے واقفیت حاصل ہوتے ہی متعلقہ اعلی عہدیداروں سے ان مسائل کو رجوع کرتے لیکن عوام کا کہنا ہے کہ دیگر کا سب سے بڑا مسئلہ ’’ہدایت‘‘ ہے اسی لئے وہ اپنے طور پر کام کرنے سے قاصر ہیں۔ حلقۂ اسمبلی بہادر پورہ سے تعلق رکھنے والے عوام نے اپنے علاقہ کے مسائل کے انبار کو منتخبہ نمائندوں کے سامنے پیش کیا ہے لیکن ان پر اب تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی بلکہ انہیں ایسے نظرانداز کیا جاتا ہے جیسے یہ ان کے اپنے علاقہ کے مسائل نہیں ہیں اسی طرح حلقۂ اسمبلی چارمینار اور یاقوت پورہ کی بھی حالت ہے جہاں کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنا تو دور ان کی سماعت کیلئے بھی کوئی تیار نہیں ہوتا بلکہ شکایات کرنے والوں کو مایوس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ رکن اسمبلی چندرائن گٹہ کی جانب سے سیاست میں خبر کی اشاعت کے فوری بعد ایم ڈی واٹر ورکس مسٹر دانا کشور سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے حلقہ کے مسائل کو پیش کیا جانا خوش آئند ہے لیکن حلقۂ اسمبلی چندرائن گٹہ کے تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کا کہنا ہے کہ اس حلقہ کے علاوہ پرانے شہر میں ٹی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت کے سبب مقامی قائدین مسائل کے حل میں دلچسپی دکھانے لگے ہیں۔ ان قائدین کا ادعا ہے کہ پرانے شہر کو انتخابات کے دوران رخ کرنے والے قائدین کی جانب سے اخبارات میں مسائل پیش کرنے پر فوری حرکت میں آنا بھی ایک مثبت تبدیلی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین نے بتیا کہ پرانے شہر میں بلدی انتخابات کے دوران ٹی آر ایس کے مظاہرے اور کانگریس کی جانب سے کئے گئے مقابلہ کے بعد منتخبہ نمائندوں کو اس بات کا احساس ہو چلا ہے کہ شہر میں عوام کی خدمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے بلکہ عوام کے مسائل کے حل میں ہی ان کی بقاء ہے۔ حلقۂ اسمبلی یاقوت پورہ و چارمینار کے علاوہ بہادر پورہ کے عوام نے قائد ایوان مقننہ سے اپیل کی کہ وہ ان حلقۂ جات کے نمائندوں کو بھی متحرک کریں کیونکہ ان علاقوں میں بھی بے تحاشہ بنیادی مسائل ہیں جن کا حل کیا جانا ضروری ہے۔ حلقۂ اسمبلی کے مختلف علاقوں کے علاوہ دیگر پرانے شہر کے علاقۂ جات میں آبرسانی و ڈرینیج کے مسائل کے ساتھ برقی و بلدی مسائل موجود ہیں لیکن ان علاقوں کے منتخبہ نمائندوں کو شکایت سے زیادہ ہدایت کی پرواہے جس کے سبب مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT