Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈؤ سے تلنگانہ تلگودیشم قائدین کی ملاقات

چندرا بابو نائیڈؤ سے تلنگانہ تلگودیشم قائدین کی ملاقات

حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے اہم قائدین بشمول صدرتلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے آج قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ قبل ازیں ان قائدین نے ریاست آندھرا پردیش کیلئے تعمیر کی جانے والی عارضی سکریٹریٹ کی تقریب سنگ بنیاد میں شرکت کی۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرنے والے قائدین میں صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا،رکن پولیٹ بیورو و سابق وزیر مسٹر ایم نرسملو، رکن پولیٹ بیورو و سابق رکن پارلیمان مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی و دیگر قائدین شامل تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان قائدین نے تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کے موقف اور بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے علاوہ بعض ارکان اسمبلی کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت کے ساتھ ساتھ تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو از سر نو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کے ان قائدین نے پارٹی کے موجودہ کیڈر کو کسی اور پارٹی میں شمولیت کرنے سے روکنے کیلئے جامع منصوبہ بندی و حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ صدر قومی تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ دیہی سطح تا شہری سطح پر پارٹی کے جلسے منعقد کرکے پارٹی کیڈر کی ممکنہ حد تک ہمت افزائی کرنے اور پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے پارٹی کیڈر کو کارکرد بنانے کے اقدامات کریں۔

TOPPOPULARRECENT