Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈو اقلیتی بہبود کے لیے سنجیدہ

چندرا بابو نائیڈو اقلیتی بہبود کے لیے سنجیدہ

اے پی حج کمیٹی کے نئے صدر نشین مومن احمد حسین کا خطاب
حیدرآباد۔ 4۔ مئی  ( سیاست نیوز) آندھراپردیش حج کمیٹی کے صدرنشین مومن احمد حسین اور ارکان کی تہنیتی تقریب آج حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے علاوہ آندھراپردیش کے اضلاع سے اقلیتی طبقہ کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آندھراپردیش حکومت نے حج کمیٹی تشکیل دی ہے اور گزشتہ دنوں صدرنشین کی حیثیت سے مومن احمد حسین کا انتخاب عمل میں آیا۔ تہنیتی تقریب میں رکن قانون ساز کونسل چکراپانی ریڈی ، رکن اسمبلی چاند پاشاہ ، سابق رکن اسمبلی ایم اے غنی ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی کے ارکان شریک تھے ۔ مومن احمد حسین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حج 2016 ء کے لئے عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے انہیں حج کمیٹی کا صدرنشین مقرر کرتے ہوئے حاجیوں کی خدمات کا موقع فراہم کیا ہے جس کے لئے وہ شکور گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت وہ اپنے لئے باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ مومن احمد حسین نے تلنگانہ حج کمیٹی اور بالخصوص اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ سال تلنگانہ حج کمیٹی نے آندھرا کے عازمین حج کی بہترین خدمت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابونائیڈو اقلیتی بہبود کے بارے میں کافی سنجیدہ ہیں اور جاریہ سال بجٹ میں اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال نے کہا کہ کڑپہ اور وجئے واڑہ میں نئے حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور حکومت نے بجٹ میں اس کیلئے رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے حج کوٹہ اور قرعہ اندازی کے بعد منتخب کئے گئے عازمین کی تفصیلات بیان کی۔

TOPPOPULARRECENT