Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / چندرا بابو نائیڈو کا پوترا دادا سے زیادہ دولت مند

چندرا بابو نائیڈو کا پوترا دادا سے زیادہ دولت مند

نائیڈو صرف3.73 کروڑ روپئے کے مالک، 3کروڑ کے مقروض
امراوتی۔/19اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے جملہ اثاثہ جات کی لاگت 3.73 کروڑ روپئے ہے جبکہ وہ 3.06 کروڑ روپئے کے مقروض بھی ہیں۔ ان کے فرزند لوکیش نے یہ اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے اثاثہ جات میں جوبلی ہلز علاقہ میں ایک مکان شامل ہے جس کی مارکٹ قدر 3.68 کروڑ روپئے ہے۔ ان کی ایک ایمبسیڈر کار ہے جو 1.52 لاکھ روپئے کی ہے۔ ان کے بینک اکاؤنٹ میں3.59 لاکھ روپئے جمع ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چیف منسٹر کے ایک سالہ پوترے اور لوکیش کے فرزند دیونش اپنے دادا سے زیادہ دولت مند ہیں جن کے مکان کی لاگت 9.17 کروڑ روپئے ہے۔ ان کے نام پر 2.4 کروڑ روپئے فکسڈ ڈپازٹ ہیں۔ اسکے علاوہ2.30 لاکھ روپئے رقم ڈپازٹ کی گئی ہے۔ نائیڈو کی اہلیہ بھونیشوری کے اثاثہ جات کی لاگت 38.66 کروڑ روپئے اور ان پر 13کروڑ کا قرض ہے۔ خود لوکیش کے اثاثہ جات 14.50 کروڑ روپئے کے ہیں اور ان پر 6.35کروڑ روپئے کا قرض ہے۔ لوکیش کی اہلیہ برہمنی کے اثاثہ جات تقریباً 5.4 کروڑ روپئے کے ہیں۔

یہ مسلسل چھٹے سال لوکیش نے گنٹور میں پریس کانفرنس کے دوران خاندان کے اثاثہ جات کا اعلان کیا۔ جبکہ ان کا خاندان اپوزیشن میں رہے یا برسراقتدار رہے ہر سال اپنی املاک دولت وغیرہ کا بہر صورت اعلان کیا جارہا ہے اور اعلان کیا جائے گا۔ مسٹر لوکیش نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے بعض قائدین پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے بعض قائدین نے ان کے والد چندرا بابو نائیڈو اور ان کے ( لوکیش ) بے نامی املاک پائے جانے کا اظہار کرتے ہوئے جھوٹ پر مبنی غلط تشہیر کررہے ہیں۔ قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی نے پرزور الفاظ میں چیلنج کیا کہ اگر اعلان کردہ دولت و املاک وغیرہ سے کہیں زیادہ پائے جانے کو ثابت کردکھانے پر ان املاک و دولت کو انہیں کے حوالے کردیا جائے گا۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے افراد خاندان پر کیچڑ اچھالنا ہی وائی ایس آر کانگریس کے بعض قائدین نے اپنا اہم مقصد بنارکھا ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان کے خاندان میں کسی قسم کا کوئی تنازعہ ہرگز نہیں ہے بلکہ افراد خاندان خواہ کتنے ہی مصروف ہوں ہر ہفتہ ایک دن تمام افراد خاندان ایک جگہ مل بیٹھ کر مختلف موضوعات پر بات چیت کرتے ہیں۔ مسٹر لوکیش نے پرزور انداز میں کہا کہ سال 2019 میں منعقد ہونے والے انتخابات میں پارٹی اگر انہیں انتخابی مقابلہ کیلئے ٹکٹ دیتی ہے تو وہ ضرور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس الزام کو مسترد کردیا کہ وہ سرکاری اُمور و پروگراموں میں مداخلت کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT