Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / چندر شیکھر راؤ پرجا دربار کے اہتمام کے لیے تیار

چندر شیکھر راؤ پرجا دربار کے اہتمام کے لیے تیار

حیدرآباد 10 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ سنکرانتی فیسٹول کے بعد پرجا دربار کے اہتمام کیلئے تیار ہیں۔ وہ عوام سے دوبدو ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے ۔ ساتھ ہی سرکاری اسکیمات پر عمل کے سلسلہ میں زمینی حقائق پر رپورٹ بھی حاصل کریں گے ۔ ان کے نئے کیمپ آفس پرگتی بھون میں یہ پرجا دربار ہوگا جس میں فوری طور پر عوامی مسائل حل کئے جائیں گے ۔ اس پرجا دربار کو ”پرجا درشن” پروگرام کا نام دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کے لئے چلائی گئی تحریک کے موقع پر چندر شیکھر راؤ نے عوام کے کئی طبقات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی تھی ۔ اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے عوام کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا تھا ۔ حکومت کے ڈھائی سال کی تکمیل پر وہ دوبارہ عوام سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔ عوام میں یہ احساس پیدا کیا جائے گا کہ کیمپ آفس کے اس پرجا درشن میں ان کے مسائل حل ہوں گے ۔ ابتدا میں ہفتہ میں دو دن دو گھنٹے وہ عوام سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ہفتہ میں چار دن عوام سے ملاقات متوقع ہے ۔ پرجا دربار کے انتظامات کے سلسلہ میں جلد ہی وہ اپوزیشن لیڈروں کو پرگتی بھون آنے کی دعوت دیں گے ۔ توقع ہے کہ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے بعد یہ پروگرام شروع ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT