Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / چندر شیکھر راؤ کو وزیر اعظم کی شاباشی

چندر شیکھر راؤ کو وزیر اعظم کی شاباشی

تلنگانہ حکومت کی کارکردگی مثالی ، برقی بحران پر قابو پانے کا کارنامہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کے دو سال کی تکمیل پر اپنے کابینی رفقا اور مختلف ریاستوں کے گورنرس سے مشاورت کے دوران یہ کہا کہ دوسری ریاستوں کے مقابل تلنگانہ میں نمایاں ترقی دیکھی گئی ہے ۔ اپنی حکومت کی کارکردگی اور ریاستوں میں ہورہے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ انٹلی جنس ایجنسیوں کی مہیا تفصیلات کی بنیاد پر وہ اپنی رائے ظاہر کررہے ہیں ۔ انٹلی جنس ایجنسیوں نے مرکز اور ریاستوں کی حکومتوں کے پروگرامس پر عمل آوری اور عوام کو ہورہے فوائد سے متعلق تفصیلات مہیا کی ہیں مالیاتی موقف بہتر بنانے کے لیے ریاستی حکومتوں کے اقدامات سے بھی واقف کرایا گیا اور وزیر اعظم نے وسائل سے استفادہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی ہیں ۔ نریندر مودی کے قریبی ذرائع نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو بتایا کہ وزیر اعظم نے تلنگانہ کی تعریف کی کہ یہ ریاست دو سال میں ترقی حاصل کرنے میں سب سے آگے ہے ۔ نریندر مودی نے چندر شیکھر راؤ سے حالیہ ملاقات میں تلنگانہ حکومت کے پروگرامس کی ستائش کی ۔ وزیر اعظم خصوص کر اس بات سے متاثر ہوئے کہ تلنگانہ حکومت نے برقی کے بحران پر قابو پالیا اور ریاست میں خشک سالی کے حالات سے مستقل طور پر نمٹنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے مشن کاکتیہ ، مشن بھگیرتا ، ڈبل بیڈ روم ، ہاوزنگ اور کلیان لکشمی پروگرام کا خصوصی ذکر کیا ۔ نریندر مودی نے دوسری ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ درکار وسائل سے استفادہ کے لیے چندر شیکھر راؤ کی ترقیاتی حکمت عملی کو اختیار کریں ۔ بتایا گیا کہ وزیر اعظم اس بات سے خوش نہیں ہیں کہ آندھرا پردیش اپنے وسائل کا استعمال نہیں کررہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے اپنی آمدنی بڑھائی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT