Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / چوہوں کے کاٹنے سے شیر خوار کی موت ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف جلد کارروائی

چوہوں کے کاٹنے سے شیر خوار کی موت ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف جلد کارروائی

آندھرا کے وزیر صحت کا اعلان : دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا
گنٹور 27 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) ایک سرکاری دواخانہ کے آئی سی یو میں 10 دن کے شیر خوار کی چوہوں کے کاٹنے سے موت کے ایک دن بعد آندھرا پردیش کے وزیر صحت کے سرینواس نے کہا کہ ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف جلد کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے متوفی کے خاندان کیلئے 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے ریاستی وزیر پی سجاتا ‘ رکن پارلیمنٹ جی جئے دیو اور اسپیشل سکریٹری ہیلت کے ساتھ دواخانہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو عہدیدار کس شیر خوار لڑکے کی موت کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف بہت جلد کارروائی کی جائیگی ۔ وزیر موصوف نے متوفی کی ماں اور آئی سی یو میںشریک دیگر بچوں کے والدین سے بات چیت کی اور سینئر ڈاکٹرس بشمول دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ریاستی حکومت نے کل ہی اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا تھا اور اس دواخانہ سے بھی رپورٹ طلب کی تھی ۔ علاوہ ازیں کلکٹر کانتی لال ڈانڈے کی صدارت میں ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ کلکٹر سے ریاستی حکومت نے دواخانہ میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کو کہا ہے ۔ اس دوران دواخانہ کی مشاورتی کمیٹی نے کلکٹر کی قیادت میں اس لڑکے کے افراد خاندان کیلئے دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس کے کچھ قائدین نے بھی دواخانہ کا دورہ کیا اور اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔
چندرا بابو نائیڈو نے تین عہدیداروں کو معطل کردیا
حیدرآباد 27 اگسٹ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے دواخانہ کے آئی سی یو میں چوہوں کے کاٹنے سے بچے کی موت پر تین عہدیداروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر اس بچہ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے سکریٹری صحت کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انہیں اندرون 48 گھنٹے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نائیڈو نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ ہونے کا موقع فراہم نہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT