Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / چڈی کی جگہ پتلون کا حیدرآباد اجلاس میں اعلان متوقع

چڈی کی جگہ پتلون کا حیدرآباد اجلاس میں اعلان متوقع

آر ایس ایس کا حیدرآباد میں آج سے سہ روزہ اجلاس کا آغاز
حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) آر ایس ایس کا سہ روزہ اجلاس 23 اکٹوبر کو گھٹکیسر کے قریب واقع ودیا وہار ہائی اسکول انوجی گوڑہ میں ہوگا۔ اس اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر موہن بھاگوت اور ان کے نائب سریش بھیاجی جوشی کریں گے۔ اپنی نوعیت کے ملک میں دوسرے سب سے بڑے اجلاس میں آر ایس ایس کے علاوہ اس سے منسلک دیگر تنظیموں کے بڑے لیڈر شرکت کریں گے جبکہ ہندوستان بھر کے اہم آر ایس ایس لیڈروں کے ساتھ اس سے منسلک تنظیموں میں کسانوں کیلئے کام کرنے والی تنظیم اکھل بھارتیہ کسان سنگھ، پسماندہ طبقات کیلئے کام کرنے والی تنظیم واناواسی کلیان آشرم، طلبہ تنظیم اے بی وی پی اور بھارتیہ مزدور سنگھ کے نام قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں بی جے پی اور وشوا ہندو پریشد کے اہم سیاسی لیڈروں کے علاوہ اس اجلاس میں اہم سادھو اور پنڈتوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ موصولہ تفصیلات کے بموجب ودیا بھارتی، وجنتا بھارتی، کریڈا بھارتی، سیوا بھارتی، سنسکرت بھارتی، سمسکار بھارتی، لگوا ودیوگ بھارتی، راشٹرا سیویکا سمیتی، سودیشی جاگرن منش، دین دیال سمشودھن سمستھن، بھارت وکاش پریشد اور دھرماجاگرن کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سینئر لیڈر نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے اس اجلاس کے مقاصد کے متعلق کہا کہ اس اجلاس میں سنگھ اور دیگر زعفرانی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور ساتھ ہی ملک بھر میں موجود دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حیدرآباد کے اس اجلاس میں یہاں کے کارکنوں کیلئے آر ایس ایس کے یونیفارم میں حالیہ کی گئی تبدیلی (چڈی سے پتلون) کے استعمال کا بھی باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT