Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چکن کی قیمتوں میں اضافہ برقرار

چکن کی قیمتوں میں اضافہ برقرار

آئندہ چند دنوں میں بکرے کے گوشت کی قیمت میں کمی متوقع
حیدرآباد۔26مئی (سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران مرغی کی قیمتو ںمیں کی جانے والی کمی اس مرتبہ محسوس نہیں کی جا رہی ہے بلکہ قیمتوںمیں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔موسم گرما کی شدت کے سبب مرغ کی اموات میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے تاجرین قیمتوں میں کمی کردیا کرتے تھے لیکن اس مرتبہ موسم گرما کی شدت عروج پر پہنچ جانے کے باوجود بھی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ شادیوں کے موسم کے سبب مرغ کی قیمتوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور اب جبکہ موسم گرما کی شدت سے مرغ کی اموات میں ہو رہے اضافہ کے باوجود قیمت میں کمی نہ لائے جانے کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مرغ کی حلیم کیلئے فروخت میں ہونے والے اضافہ کے سبب قیمت میں کوئی کمی نہیں لائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ماہ رمضان المبار ک کے دوران مرغی کے گوشت سے تیار کی جانے والی غذاؤں کے استعمال میں اضافہ کے سبب مرغ کے گوشت کی قیمت میں کمی نہیںلائی جا رہی ہے۔ دونوں شہروں میں کئے جانے والے مرغی کے کاروبار میں ماہ رمضان المبارک کے دوران کافی اضافہ ہوتا ہے ۔بکرے کے گوشت کی قیمت میں ہونے والے اضافہ اور بیف کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کردہ اضافہ کے بعد مرغ کے تاجرین بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کرنے لگے ہیں۔ ہر سال موسم گرما میں 3تا4فیصد پرندے فوت ہوتے ہیں لیکن اس سال مرغیوں کی اموات کے فیصد میں بھاری اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ اموات 12تا15فیصد تک پہنچ چکی ہیں لیکن اس کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ آنے کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ شادیوں اور ریستوراں میں مرغ کی طلب میں ہونے والے اضافہ کے سبب قیمت میں کمی نہیں آئی لیکن ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ان قیمتوں کو برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ طلب کے ساتھ ساتھ بھاری منافع حاصل ہو سکے۔تاجرین کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے فوت ہونے کے فیصد میں اضافہ کے سبب بھی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن گرمیوں میں مرغ کے کم استعمال کے رجحان میں بھی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے جس کے سبب قیمتوںمیں اضافہ برقرار ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران نہ صرف مرغ بلکہ بکرے  کے گوشت میں بھی کمی ریکارڈ کی جائے گی جس کے فوری بعد مرغ کے گوشت کی قیمت میں گراوٹ کا امکان ہے۔رمضان المبارک کے دوران مرغ کے گوشت کے استعمال میں اضافہ کے سبب قیمتوں میں اضافہ کا رجحان مناسب نہیں لیکن اس رجحان کے خاتمہ کیلئے طلب میں کمی لائی جانا ضروری ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT