Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / چکڑپلی سنٹرل لائبریری میں مسابقتی امتحانات کی تیاری

چکڑپلی سنٹرل لائبریری میں مسابقتی امتحانات کی تیاری

ہزاروں طلبہ کے لیے خصوصی انتظامات ، صبح 10 تا 5 بجے طلبہ مطالعہ میں مصروف
حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری : ( نمائندہ خصوصی ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلان کے ساتھ ریاست بھر کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ شہر کے مختلف اداروں اور تنظیموں نے مسابقتی امتحانات میں تیاری کے لیے نوجوانوں کی مدد کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ ایسے ہی اداروں میں چکڑپلی سنٹرل لائبریری بھی شامل ہیں جہاں ہر روز 1000 تا 1500 طلباء وطالبات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے مختلف جائیدادوں کے لیے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے پیش نظر تیاری کررہے ہیں ۔ طلباء و طالبات کو مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مدد کے لیے چکڑپلی سنٹرل لائبریری میں غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی لائبریرین محترمہ طلعت جہاں کے مطابق یومیہ ہزار تا 1500 لڑکے لڑکیاں اس کتب خانہ کا رخ کرتے ہیں ان کے لیے کرسیوں ، پانی وغیرہ کا انتظام کیا ہے ۔ صبح 10 بجے تا شام 5 بجے طلبہ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں منہمک رہتے ہیں ۔ ان طلبہ کو اس سنٹرل لائبریری میں پر فضا ماحول ملا ہے ۔ لائبریری ایک طرح سے اوپن ایر کوچنگ سنٹر میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ ان طلبہ میں وہ طلبہ بھی شامل ہیں جو آئی آئی ٹی ، جے ای ای ، اے آئی ایم پی ٹی اور دیگر قومی مسابقتی امتحانات میں شرکت کرنے والے ہیں ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے ٹیکس آفیسر ، اکسائز سب انسپکٹر ایکسٹنشن آفیسرس ، میونسپل کمشنر گریڈ III ، سب رجسٹرار ، پولیس سب انسپکٹران اور کانسٹبلوں کی بے شمار جائیدادوں پر بھرتیوں کے لیے اعلامیے جاری کئے ہیں ۔ طلعت جہاں نے مزید بتایا کہ طلبہ اسٹڈی میٹریل یا تعلیمی مواد اپنے ساتھ لاتے ہیں اور گھنٹوں مطالعہ میں غرق رہتے ہیں ۔ ان میں ان طلبہ کی اکثریت ہے جو اضلاع سے تعلیم کے لیے حیدرآباد منتقل ہوئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT