Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / چھوٹا راجن کو داؤد یا کسی دوسری ٹولی سے خطرہ نہیں

چھوٹا راجن کو داؤد یا کسی دوسری ٹولی سے خطرہ نہیں

بالی ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیاء میں گرفتار شدہ ممبئی کے انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن نے کہا ہیکہ وہ بشمول داؤد ابراہیم اپنی کسی بھی حریف ٹولی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ اس دوران اس کی سلامتی کو لاحق خطرات کو ملحوظ رکھتے ہوئے انڈونیشیاء کی پولیس نے اس کو اسپیشل کمانڈو سیکوریٹی فراہم کی ہے۔ اس سوال پر کہ آیا داؤد ابراہیم ٹولی یا کسی دوسری حریف ٹولی سے کوئی خطرہ لاحق ہے؟ چھوٹا راجن نے جواب دیا کہ ’’مجھے کسی کا ڈر نہیں ہے‘‘۔ راجن کو اتوار کے روز آسٹریلیا سے یہاں پہنچنے کے فوری بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ بالی کے پولیس ترجمان ہیری ویانٹو نے کہا کہ راجن کی سلامتی کو لاحق خطرات سے وہ باخبر ہیں اور اس کو اسپیشل کمانڈو سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’قیدی کی سیکوریٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہم تمام اقدامات کئے ہیں۔ وہ (راجن) چونکہ بیرونی شہری ہے چنانچہ اس کی سیکوریٹی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے‘‘۔ ویانٹو نے مزید کہا کہ 55 سالہ راجن جس کا اصل نام راجندر سداشیو لکھالجے ہے بالکل ٹھیک نظر آرہا ہے اور اس کے رویہ سے کوئی شکایت یا مسئلہ نہیں ہے۔ وہ دباؤ میں ہونے کا کوئی اظہار نہیں کررہا ہے۔ بالی پولیس کمشنر رینھارو نائینگولن نے کہا کہ چھوٹا راجن جو ماضی میں کبھی داؤد ابراہیم کا انتہائی قریبی و بااعتماد مددگار بھی رہا ہے تفتیش کنندوں سے بار بار اپنی رہائی کی درخواست کررہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ وہ زمبابوے جانا چاہتا ہے۔ اس سوال پر کہ آیا اس (راجن) کو ہندوستان کے حوالہ کیا جائے گا؟ ویانٹو نے جواب دیا کہ ہندوستان سے ٹیم کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے تاکہ راجن سے پہلے پوچھ گچھ کی جاسکے۔

چھوٹا راجن جان کے خوف سے انڈونیشیا آیا تھا
ڈگ وجئے سنگھ کو چھوٹا راجن کیساتھ خفیہ سودے بازی کا اندیشہ
بالی ؍ نئی دہلی ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کی انڈونیشیا کے جزیرہ بالی میں گرفتاری کے بارے میں کئی نظریات پیش کئے گئے ہیں لیکن ان میں سے ایک نظریہ نمایاں اہمیت اختیار کیا گیا ہے جس میں اندیشہ ظاہر کیا گیا ہیکہ چھوٹا راجن کو چھوٹا شکیل کے ہاتھوں اپنے قتل کا اندیشہ تھا جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا سے فرار ہوکر انڈونیشیا پہنچا تھا۔ چھوٹا شکیل داؤد ابراہیم کا قریبی بااعتماد ساتھی ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج حکومت سے دریافت کیا کہ وہ واضح کرے کہ کیا انڈرورلڈ ڈان چھوٹاراجن سے حکومت کا کوئی خفیہ معاہدہ ہوا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کسی معاہدہ کے نتیجہ میں مفرور گینگسٹر اور 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے کلیدی ملزم داؤد ابراہیم کی گرفتاری بھی عمل میں آ سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بارے میں اپنا موقف واضح کرے۔

TOPPOPULARRECENT