Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / چھوٹا راجن کی حوالگی میں مشکل نہیں : ہندوستان

چھوٹا راجن کی حوالگی میں مشکل نہیں : ہندوستان

جکارتہ ۔ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا ہیکہ اسے چھوٹا راجن کو ملک واپس لانے میں توقع ہیکہ کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی۔ انٹرپول نے ریڈکارنر نوٹس جاری کرنے کے بعد اسے کل انڈونیشیاء میں گرفتار کیا ہے۔ ہندوستانی سفیر متعینہ انڈونیشیاء گرجیت سنگھ نے کہا کہ یہ کوئی عام گرفتاری نہیں ہے۔ اس شخص کو ریڈکارنر نوٹس جاری کرنے کے بعد گرفتارکیا گیا ہے اور یہ بالکلیہ الگ معاملہ ہے۔ انہیں توقع ہیکہ چھوٹاراجن کی حوالگی کے معاملہ میں کسی طرح کی مشکل درپیش نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہندوستانی نیوز چینل کو بتایا کہ میڈیا کو حوالگی کے بارے میں زیادہ کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے انڈونیشیاء کے ساتھ کافی بہتر روابط ہیں اور انہیں توقع ہیکہ حوالگی کے معاملہ میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی کیونکہ وہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ہندوستان کی درخواست پر ہی یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ کل آسٹریلیا کی پولیس کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھوٹا راجن کو انڈونیشیاء میں گرفتار کیا گیا۔ وہ کسی وقت دہشت گرد داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی تھا جو بعد میں کٹر حریف بن گیا ہے۔ آسٹریلیا کی پولیس نے یہ بتایا تھا کہ 55 سالہ چھوٹا راجن سڈنی سے بالی کا سفر کررہا ہے چنانچہ انڈونیشیاء میں حکام نے اتوار کو اسے گرفتار کرلیا۔ وہ پہلے داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی تھا لیکن 1993ء ممبئی دھماکوں کے بعد کٹر حریف بن گیا اور وہ تقریباً 20 قتل کے مقدمات میں مطلوب ہے۔ ہندوستانی سفیر نے بتایا ہیکہ انڈونیشیاء کے ساتھ مجرمین کی حوالگی کا معاہدہ ہے یہی نہیں بلکہ اور بھی دوسرے معاہدے ہیں جن کے ذریعہ یہ کام آسان ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT