Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / چھوٹا راجن ہندوستان منتقل طبی حالت مستحکم ، میڈیکل ٹیم کا بیان

چھوٹا راجن ہندوستان منتقل طبی حالت مستحکم ، میڈیکل ٹیم کا بیان

نئی دہلی ، 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کو سی بی آئی افسروں کی زیرقیادت جوائنٹ ٹیم نے انڈونیشیائی سیاحتی شہر بالی سے آج صبح یہاں لایا، جسے دہلی اور ممبئی میں قتل، جبری وصولی اور ڈرگ اسمگلنگ کے زائد از 70 کیسوں میں مقدمہ بازی کا سامنا کرنا ہوگا۔ 55 سالہ غنڈہ جس کا اصل نام راجیندر سداشیو نکالجے ہے، 27 سال مفرور رہنے کے بعد ملک بدری پر فضائیہ کے گلف اسٹریم ۔ III طیارہ کے ذریعہ پالم ایرپورٹ پر 7 رکنی ٹیم کے ہمراہ پہنچا، جن میں دہلی پولیس کے ایلیٹ اسپیشل سل اور ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے افسران شامل ہیں۔ سی بی آئی ترجمان نے کہا کہ راجن طبی طور پر فٹ ہے اور کوئی ڈیالسیس کی ضرورت نہیں۔ یہ بیان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ حکومت مہاراشٹرا نے ایسی اطلاعات پر ڈیالسیس کیلئے انتظامات کئے تھے کہ راجن کے گردے مناسب طور پر کام نہیں کررہے ہیں۔   )

چھوٹا راجن کو پالم ایرپورٹ نئی دہلی پہنچنے پر سیدھے سی بی آئی ہیڈکوارٹرز لے جایا گیا جہاں اُس سے ابتدائی دور کی پوچھ تاچھ کی گئی۔ سکیورٹی اندیشوں کے سبب راجن جس نے بتایا جاتا ہے داؤد ابراہیم اور اُس کے مددگاروں کی نقل و حرکت کے تعلق سے ہندوستانی سکیورٹی اداروں کو اطلاعات دیئے، اسے ایسا امکان نہیں کہ دہلی کی کسی عدالت کو لے جایا جائے گا اور اس کی بجائے راجن کے ریمانڈ کیلئے کسی مجسٹریٹ کو سی بی آئی ہیڈکوارٹرز کو لایا جائے گا۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ ایجنسی ہیڈکوارٹرز میں راجن کی تفصیلی طبی جانچ کی گئی جس پر معلوم ہوا کہ وہ مستحکم طبی حالت میں ہے اور کوئی طبی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ قبل ازیں سی بی آئی ترجمان نے مختصر بیان میں کہا کہ چھوٹا راجن کو ہندوستان لانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اسے انڈونیشیا سے ہندوستان منتقل کردیا گیا ہے۔ وہ سی بی آئی۔ انٹرپول کی تحویل میں ہے۔ قانونی رسمی کارروائیاں جاری ہیں۔ سی بی آئی کو توقع تھی کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا ہجوم ہوگا۔ چنانچہ اس نے انہیں دور رکھنے کے لئے ایک ڈیکائے کار منتخب کی تھی جس کی وجہ سے صورتحال ڈرامائی ہوگئی۔ توقع ہے کہ اسے قومی دارالحکومت میں رکھا جائے گا جہاں مختلف تحقیقاتی محکمہ جات اس کے دعوے کی جانچ کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں کہ راجن کے پاس ہندوستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد دائود ابراہیم کے خلاف مزید ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور یہ کہ اس کے پاکستان کی آئی ایس آئی سے روابط بھی ہیں۔ فوٹو گرافرس اور کیمرہ مین بے چینی سے چھوٹا راجن کی آمد کا انتظار کررہے تھے لیکن انہیں انڈرورلڈ ڈان کی ایک جھلک دیکھنا بھی نصیب نہیں ہوئی۔ وہ بتیوں والی گاڑیوں میں سے ایک میں رکھا گیا تھا۔ تمام گاڑیوں کے شیشے بھی سیاہ کردیئے گئے تھے۔ بالی میں راجن نے میڈیا سے کہا تھا کہ اسے ہندوستان واپسی پر انتہائی مسرت ہے۔

TOPPOPULARRECENT