Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / چھوٹا راجن ہندوستان کے حوالے، بالی سے آج واپسی

چھوٹا راجن ہندوستان کے حوالے، بالی سے آج واپسی

ہندوستانی ٹیم خصوصی طیارہ کے ذریعہ انڈرورلڈ ڈان کو نئی دہلی لا رہی ہے
بالی ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈرورلڈ ڈان چھوٹاراجن کو آج ہندوستان کے حوالے کردیا گیا۔ توقع ہیکہ وہ کل صبح دہلی پہنچ جائے گا۔ قتل، زبردستی رقومات کی وصولی اور منشیات کی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات کا سامنا کرنے والا چھوٹاراجن 27 سال قبل ملک سے فرار ہوا تھا۔ خصوصی طیارہ کے ذریعہ 55 سالہ راجن کو بالی سے لایا جارہا ہے۔ اسے 25 اکٹوبر کو آسٹریلیا سے یہاں آمد پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔ چھوٹا راجن مقامی وقت 10.15 بجے بالی ایرپورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ روانہ ہوا۔ ہندوستان میں اس کی آمد سے قبل حکومت مہاراشٹرا نے یہ حیرت انگیز اعلان کیا کہ انڈرورلڈ ڈان سے متعلق تمام مقدمات کو سی بی آئی کے حوالے کررہی ہے۔ یہ ایجنسی چھوٹا راجن کو ہندوستان لانے کے کیس سے بھی نمٹ رہی ہے۔ راجن کو گرفتار کرنے کے بعد ممبئی کی جیل میں رکھنے کا منصوبہ تھا لیکن اس کے کٹر دشمنوں سے خطرہ ہے۔ ہندوستان کو شدت سے مطلوب انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور چھوٹا راجن کے درمیان دشمنی ہے۔ ہندوستان کو اس کی حوالگی ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی تھی کیونکہ بالی میں آتش فشاں پھٹ پڑا تھا۔ اس واقعہ کی وجہ سے حکام کو چھوٹا راجن کی حوالگی میں تاخیر سے کام لینا پڑا۔ چھوٹا راجن کو لانے کیلئے ہندوستان سے ممبئی پولیس کی ٹیم کے علاوہ سی بی آئی کے عہدیدار بالی پہنچے تھے۔ آسٹریلیا سے انڈونیشیا پہنچنے کے بعد اسے جعلی پاسپورٹ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT