Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / ’’چھوٹے واقعات‘‘ کے باوجود ملک متحد رہے گا: بھاگوت

’’چھوٹے واقعات‘‘ کے باوجود ملک متحد رہے گا: بھاگوت

ناگپور ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دادری قتل جیسے واقعات پر عوامی برہمی کے تناظر میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے آج کہا کہ ’’چھوٹے واقعات‘‘ جنہیں غیر معمولی بڑھا چڑھاکر پیش کیا جارہا ہے، ہندو تہذیب کو نقصان پہنچا سکتے اور ملک ہمیشہ متحد رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ معمولی واقعات پیش آئے اور انہیں بڑھا چڑھاکر پیش کیا گیا لیکن اس سے ہندوستان کی تہذیب و ثقافت پر کوئی اثر نہیںپڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندو تہذیب اور ثقافت میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کیا جاتا ہے اور اسی سے اتحاد قائم ہوتا ہے ، یہی ہندوتوا ہے۔ موہن بھاگوت آج دسہرہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جسے مسلسل دوسرے سال بھی دوردرشن پر راست نشر کیا گیا۔ انہوںنے اپنی تقریر میں فرقہ وارانہ اور ذات پات کی کشیدگی سے متعلق واقعات کا راست حوالہ نہیں دیا۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت کی ستائش کی جس میں ملک میں مایوسی کے موڈ کو ختم کرتے ہوئے ایک نئی امید اور اعتماد کا ماحول پیدا کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ہندوستان کے موقف کو کافی بہتر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل مایوسی کا ماحول تھا لیکن آج ہم فکرمند نہیں ہے ۔ اب ایک نئی امید اور اعتماد کا ماحول تیار ہوا ہے۔ اسی طرح توقعات بھی بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا سوچھ بھارت ، مدرا بینک، جن دھن یوجنا اور گیس سبسیڈی کی خودسپردگی اچھی اور خوش آئند علامتیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT