Sunday , May 28 2017
Home / دنیا / چھ ماہ میں الرقہ کو ’موصل‘سے جدا کردیں گے:امریکہ

چھ ماہ میں الرقہ کو ’موصل‘سے جدا کردیں گے:امریکہ

نیویارک ۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام )امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شام اور عراق میں داعش کے مراکز کو ایک دوسرے سے جدا کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ شام میں داعش کے گڑھ الرقہ کو عراق کے موصل شہر سے چھ ماہ کے اندر اندر الگ تھلگ کردیا جائے گا۔ اس طرح الرقہ سے داعش کو نکال باہر کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ عالمی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل جون ڈوریان نے بغداد میں ایک بیان میں کہا کہ توقع ہے کہ آئند چند ہفتوں کے اندر الرقہ اور موصل کو ایک دوسرے سے الگ کردیا جائے گا۔ اس کے بعد الرقہ پر حملے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الرقہ اور موصل کو ایک دوسرے سے الگ کرنے میں چھ ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔خبر رساں ایجنسی نے امریکی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل اسٹیفن ٹاؤنسنڈ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ  الرقہ پر فیصلہ کن حملے کے لئے موصل اور الرقہ کو ایک دوسرے سے الگ تھلگ کرنا ضروری ہے اور یہ ہدف چھ ماہ کے اندر اندر پورا کرلیا جائے گا۔اسی سیاق میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی کے حمایت یافتہ شامی جنگجو اس وقت شام کے الباب شہر میں داخل ہوچکے ہیں وہ جلد ہی الرقہ میں داعش کے مرکز پرحملہ آور ہوں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT