Tuesday , June 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / چیس کی نصف سنچری‘ ویسٹ انڈیز 5 وکٹوں پر 218

چیس کی نصف سنچری‘ ویسٹ انڈیز 5 وکٹوں پر 218

ڈومینیکا ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام )یاسر شاہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو 218 پر آؤٹ کر کے اپنی گرفت مضبوط کرنے کے مواقع پیدا کرلئے ہیں۔ڈومینیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز 11 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگز آج شروع کی تو اوپنرز نے پراعتماد انداز میں آغاز کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن یاسر شاہ نے 31 رنز بنانے والے کیرن پاول کو پویلین کی راہ دکھائی ۔شیمرون ہٹمیئر اچھی فارم میں نظر آئے لیکن یاسر شاہ نے سرفراز احمد کی مدد سے ہٹمیئر اور پھر کھانے کے وقفے سے قبل کریگ بریتھ ویٹ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو مضبوط موقف میں پہنچا دیا۔کھیل کے دوسرے سیشن میں شے ہوپ اور روسٹن چیس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ کیلئے 55 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن چائے کے وقفے سے قبل آخری گیند پر اظہر کی گیند پر ہوپ کی مزاحمت دم توڑ گئی۔ویسٹ انڈیز نے نئی گیند ملنے سے قبل 80 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے جبکہ انھیں 205 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔محمد عباس نے 189 کے مجموعے پر پاکستان کو پانچویں کامیابی دلاتے ہوئے ویشال سنگھ کی وکٹ حاصل کرلی جنھوں نے 8 رنز بنائے تھے۔تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹوں پر 218 رنز بنائے تھے اور انھیں پاکستان کی برتری کو ختم کرنے کیلئے مزید 158 رنز درکار ہیں۔ ڈاؤریچ 20 اور جیسن ہولڈر 11 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جبکہ 60 رنز بنانے والے چیس ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر گئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے3، اظہرعلی اور محمد عباس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT