Sunday , June 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / چیف سلیکٹر راڈ مارش ناقص کارکردگی پر مستعفی

چیف سلیکٹر راڈ مارش ناقص کارکردگی پر مستعفی

سڈنی ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل پانچویں ٹسٹ میں شکست پر دلبرداشتہ چیف سلیکٹر راڈ مارش نے فوری طور پر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 69 سالہ سابق عظیم وکٹ کیپر نے منگل کو جنوبی افریقہ کے مقابل شکست کھانے والی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا جو ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں لگاتار تیسری سیریز میں ناکامی ہے۔ راڈ مارش نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے اور کرکٹ آسٹریلیا میں سے نہ کسی نے مجھ پر دباؤ ڈالا اور نا ہی کسی نے مجھے ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ آج خصوصی اجلاس میں عبوری متبادل کا اعلان کیا جارہا ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ کے مقابل شکست کے بعد استعفیٰ دیتے ہوئے راڈ مارش نے کہا کہ اب کرکٹ آسٹریلیا کو نئی اور تازہ سوچ کی ضرورت ہے اور ہماری ٹسٹ ٹیم مستقبل کی تیاری کرتے ہوئے کچھ نئے چہروں کو خوش آمدید کہے۔ راڈ مارش نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ کا وسیع تر مفاد ہمیشہ میری دلی خواہش رہی ہے اور اسی وجہ سے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ مارش کے استعفے کے بعد آسٹریلیا کے سلیکشن پیانل میں مارک وا، ٹریور ہونز اور کوچ ڈارن لیمن باقی رہ گئے ہیں اور حالیہ شکستوں کے بعد پیانل کیلئے نوکریاں بچانا مشکل نظر آتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 85 رنز پر ڈھیر ہونے والی آسٹریلین ٹیم دوسری اننگز میں مثبت آغاز کے باوجود صرف 40 رنز کے اضافے سے آٹھ وکٹیں گنوا کر اننگز اور 80 رنز کی شکست سے دوچار ہوئی۔ ہوبارٹ میں شکست کے بعد آسٹریلیا سیریز پہلے ہی گنوا چکا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT