Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / چیف منسٹر آندھرا پردیش سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی ملاقات

چیف منسٹر آندھرا پردیش سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی ملاقات

مہاچنڈی یگنم میں شرکت کی دعوت ، سیاسی حلقوں میں کئی قیاس آرائیاں
حیدرآباد ۔ 14۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے وجئے واڑہ پہنچ کر آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور جاریہ ماہ میدک میں ہونے والے مہاچنڈی یگنم میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ کے سی آر کی وجئے واڑہ پہنچ کر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات اور شخصی طور پر دعوت نامہ حوالہ کرنے پر سیاسی حلقوں میں کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ کے سی آر نے آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے تعمیری کاموں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی تھی جس کے بعد سے دونوں چیف منسٹرس کے درمیان تعلقات میں کافی استواری دیکھی جارہی ہے ۔ بظاہر یہ ملاقات 23 ڈسمبر سے شروع ہونے والے چنڈی یگنم سے متعلق ہے۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ دونوں چیف منسٹرس نے موجودہ سیاسی صورتحال اور دونوں ریاستوں کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں چیف منسٹرس کی پہلی ملاقات کے بعد سے تلنگانہ میں تلگو دیشم کے خلاف ووٹ برائے نوٹ اسکام کی تحقیقات میں سستی آچکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس قائدین نے کے سی آر کی وجئے واڑہ روانگی کی مخالفت کی اور دعوت نامہ کسی نمائندہ کے ذریعہ روانہ کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم کے سی آر شخصی طور پر دعوت نامہ حوالہ کرنے کے خواہاں تھے۔ اطلاعات کے مطابق وجئے واڑہ پہنچنے پر آندھراپردیش حکومت کی جانب سے کے سی آر کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ ہیلی پیاڈ سے کے سی آر کو چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ انڈاولی لیجایا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کے سی آر کو شال اڑھائی جبکہ کے سی آر نے چندرا بابو نائیڈو کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ بعد میں دونوں چیف منسٹرس نے مل کر لنچ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان 15 منٹ سے زائد تک بات چیت ہوئی جس میں دونوں تلگو ریاستوں کی ترقی اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ دونوں چیف منسٹرس نے ریاستوں کی ترقی کے لئے باہمی تعاون سے اتفاق کیا ہے۔ آندھراپردیش کے وزیر کشور بابو نے بتایا کہ کے سی آر اور چندرا بابو نائیڈو کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار رہی ۔ تاہم انہوں نے چنڈی یگنم میں چندرا بابو نائیڈو کی شرکت کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے گریز کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے اس بارے میں جلد اطلاع دینے کا تیقن دیا ہے۔ کے سی آر نے دعوت نامہ حوالہ کرتے ہوئے چنڈی یگنم کے انتظامات اور اس کی تفصیلات بیان کیں۔ ملاقات کے فوری بعد کے سی آر حیدرآباد واپس ہوگئے۔ واضح رہے کہ کے سی آر نے چنڈی یگنم میں شرکت کیلئے ملک کی کئی اہم شخصیتوں کو مدعو کیا ہے جن میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، مختلف مرکزی وزراء اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT