Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر اورسیز اسکالر شپ اسکیم سے سینکڑوں طلبہ کے محروم ہونے کا خدشہ

چیف منسٹر اورسیز اسکالر شپ اسکیم سے سینکڑوں طلبہ کے محروم ہونے کا خدشہ

فیس باز ادائیگی میں ناکامی پر طلبہ کو تعلیمی دستاویزات دینے سے کالجس کا انکار
درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تاریخ میں توسیع کے لیے طلبہ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( نمائندہ خصوصی ) : چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت نے ایس ٹی ، ایس سی طلبہ کے مماثل اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک کی یونیورسٹیوں میں حصول اعلیٰ تعلیم کے لیے 10 لاکھ روپئے تک مالی امداد فراہم کرنے کی جو اسکیم شروع کی ہے اس کی سارے ہندوستان میں مثال ملنی مشکل ہے ۔ حکومت نے اس غیر معمولی اسکیم پر عمل آوری کے لیے 25 کروڑ روپئے بھی منظور کئے ہیں ۔ چنانچہ اقلیتی بالخصوص مسلم طلبہ کو امریکہ ، آسٹریلیا ، برطانیہ ، کناڈا اور سنگاپور کی یونیورسٹیز میں داخلے حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ تاہم اس اسکیم سے بے شمار اقلیتی طلبہ کے محروم ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر اورسیز اسکالر شپ اسکیم برائے سال 2015-16 سے استفادہ کے لیے آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ یکم اگست مقرر کی گئی ہے ۔ اس دن شام چار بجے تک طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ جہاں تک بیرونی ملکوں کی یونیورسٹیوں میں داخلوں کا معاملہ ہے یہ گریجویشن کی بنیاد پر ہورہے ہیں لیکن طلبہ کی جانب سے درخواستوں کے آن لائن ادخال میں جو سب سے بڑی رکاوٹ ہے وہ کالجس میں طلباء وطالبات کے پھنسے ہوئے تعلیمی اسنادات ، ٹی سی ، بونافائیڈ وغیرہ ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ایسے طلبہ ہیں جو 2013-14 کی فیس باز ادائیگی اسکیم کے تحت کافی عرصہ گذر جانے کے باوجود بھی فیس حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔ ان طلباء و طالبات کا کہنا ہے کہ فیس وصول نہ ہونے پر کالجس نے ان کے مذکورہ سرٹیفیکٹس روک لیے ہیں ایسے میں بیرون ملک کی یونیورسٹیز میں داخلوں کے لیے وہ آن لائن درخواست داخل کرنے سے قاصر ہیں ۔ اس ضمن میں بے شمار طلبہ نے حج ہاوز کے چکر لگائے تاہم وہاں ان کی کوئی سننے والا نہیں تھا ۔ اس سلسلہ میں طلبہ نے پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے مداخلت کی اپیل کی ۔ اور کہا کہ انہیں فوری کالجس کی جانب سے روکے گئے تعلیمی اسنادات واپس دلائیں ۔ اس معاملہ میں فیس کی باز ادائیگی کا مسئلہ حل کرلیا جائے تو تمام مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے ۔ طلبہ نے محکمہ اقلیتی بہبود سے اورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی اپیل کی ہے ۔۔

 

ایم اے ( ایل ) انٹرنس ٹسٹ کے اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : کالج آف لینگویجس کے پریس نوٹ کے مطابق عثمانیہ یونیورسٹی نے ایم اے ( ایل ) انٹرنس ٹسٹ کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ 16 اگست کو انٹرنس ٹسٹ منعقد ہوگا ۔ مذکورہ کورس میں داخلہ کے خواہش مند طلباء وطالبات کالج آفس سے داخلہ فارمس حاصل کرسکتے ہیں ۔ دیگر تفصیلات کے لیے فون نمبر 040-60504400 پر ربط کریں ۔ کالج ہذا کی دیگر کلاسیس عثمانیہ انٹرنس ، پی ڈی سی اور بی اے ( ایل ) میں داخلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT