Friday , September 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر

چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر

کرنول میں اردو یونیورسٹی عبد الحق سے موسوم کرنے پر مسلمانوں میں مسرت کی لہر
کرنول /15 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلامیہ عربی ڈگری کالج کرنول کے اسٹاف کی جانب سے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کیا گیا۔ صدر شعبہ عربی اسلامیہ عربی ڈگری کالج مولانا محمد خواجہ معین الدین نے کہا کہ وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کے 13 اضلاع کے لئے اعلان کردہ اردو یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے موقع پر اس یونیورسٹی کو اردو، عربی اور فاروسی کے نامور محقق افضل العلماء مولانا عبد الحق سے موسوم کرنے پر اسلامیہ عربی کالج کا اسٹاف نہایت مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ادارہ کے لئے امر قابل فخر ہے کہ ڈاکٹر عبد الحق نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز عربی کالج سے کیا تھا۔ مولانا محمد عمر نے انھیں اس قابل بنایا کہ شہر کرنول میں تعلیمی ادارہ جات کی ایسی داغ بیل ڈالی کہ جس سے بلالحاظ مذہب و ملت علاقہ رائلسیما علم کے نور سے منور ہوا۔ عثمانیہ کالج کرنول سے فارغ التحصیل طلبہ آج ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست الگ ہونے کے بعد پورے آندھرا پردیش کے لئے صرف ایک یونانی میڈیکل کالج قائم ہے، جس کو ڈاکٹر عبد الحق صاحب نے 1953ء میں کرنول میں قائم کیا تھا۔ ایک قرارداد پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے خواہش کی جاتی ہے کہ یونانی میڈیکل کالج میں ایم ڈی کورس شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس سلسلے میں نائب وزیر اعلی کے ای کرشنا مورتی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، جن کی نمائندگی پر چیف منسٹر نے ڈاکٹر عبد الحق سے اردو یونیورسٹی کو موسوم کیا۔ انھوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر مورتی بھی عثمانیہ کالج کرنول کے فارغ ہیں۔ اردو یونیورسٹی کو ڈاکٹر عبد الحق سے موسوم کرنے پر آج ریاست کے 13 اضلاع میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔

TOPPOPULARRECENT