Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر قول و فعل میں تضاد

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر قول و فعل میں تضاد

حکومت عوام کو لعنت نشہ میں مبتلاء کرنے کوشاں، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 29 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت اور ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس پر بڑے پیمانے پر تلنگانہ میں احتجاجی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گاندھی بھون میں آج صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی صدارت میں تلنگانہ پردیش کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملوبٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جاناریڈی، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا، سابق وزراء مسز ڈاکٹر جے گیتاریڈی، مسٹر ڈی سریدھر بابو نے شرکت کی۔ اجلاس میں سستی شراب، آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، واٹر گرڈ کی بدعنوانیاں اور ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے بشمول دوسرے مسائل پر غوروخوض کیا گیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے کہاکہ چیف منسٹر کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ صبح جو بات کررہے ہیں شام میں اسی پر قائم نہیں ہے۔ غریب عوام کو نشے کا غلام بنانے کیلئے سستی شراب کو اکٹوبر سے روشناس کرا رہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ کانگریس پارٹی اس کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل سے تلنگانہ کے لاکھوں ایکر فاضل اراضیات کو سیراب کیا جاسکتا ہے لیکن حکومت اپنے ذاتی مفادات کیلئے پراجکٹس میں ٹال مٹول کی پالیسی اپنارہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ اپنے حامیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی لانے کا الزام عائد کیا۔ مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے کہاکہ واٹر گرڈ پر 36 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف ہیں۔ اپنے حامیوں کو پائپ لائن سے فائدہ پہنچانے کیلئے یہ اسکیم شروع کی گئی ہے۔ مسٹر ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ 2004ء کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہیکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 200 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT