Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے ہاتھوں آج یتیم خانہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے ہاتھوں آج یتیم خانہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد

پانچ منزلوں کی تعمیر پر 22کروڑ کے خرچ کا تخمینہ، الحاج محمد سلیم انتظامات میں مصروف
حیدرآباد۔/17 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 18 جون کو 2 بجے دن یتیم و یسیر مسلمانوں کیلئے قائم کئے جانے والے عصری یتیم خانہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ چیف منسٹر پہلے طئے شدہ پروگرام کے مطابق دعوت افطار میں روانگی سے قبل 6 بجے شام سنگ بنیاد رکھنا چاہتے تھے تاہم صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انہیں وقت کی تبدیلی کا مشورہ دیا تاکہ سنگ بنیاد کے موقع پر ایک مختصر تقریب منعقد کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا اور 2 بجے دن کا وقت مقرر کیا گیا۔ انیس الغرباء نامپلی کی موجودہ عمارت سے متصل آر اینڈ بی کی حوالے کی گئی 4000 مربع گز اراضی پر 7 منزلہ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ تقریب سنگ بنیاد میں چیف منسٹر کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور عوامی نمائندے اور عہدیدار شرکت کریں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ نے آج چیف منسٹر کو انیس الغرباء کامپلکس کی تفصیلات اور منصوبہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 22کروڑ روپئے کے صرفہ سے سات منزلہ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا جس کے ابتدائی دو فلور تجارتی اغراض کیلئے الاٹ کئے جائیں گے جبکہ باقی 5 منزلوں پر یتیم خانہ کام کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیوں کیلئے الاٹ کی گئی ملگیات اور جگہ سے جو آمدنی حاصل ہوگی وہ انیس الغرباء پر خرچ کی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ ابتدائی کاموں کی تکمیل کیلئے آر اینڈ بی کو ایک کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کی تعمیر کے بعد انیس الغرباء ریاست کا ایک عصری اور مثالی یتیم خانہ ہوگا جس میں حقیقی معنوں میں یتیم و یسیر طلبہ کو داخلہ دیتے ہوئے پرورش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکے اور لڑکیوں کیلئے علحدہ انتظامات کئے جائیں گے اور دونوں کیلئے علحدہ اسٹاف رہے گا۔ لڑکیوں کیلئے خاتون اسٹاف کا تقرر عمل میں آئے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ خانگی معیاری اسکول میں یتیم بچوں کیلئے عصری تعلیم کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ یتیم خانہ اپنی کارکردگی کے اعتبار سے توقع کے مطابق نہیں ہے اور طلبہ کی تعداد بھی کافی کم ہے جن میں حقیقی یتیم طلبہ کی تعداد کم بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم خانہ کیلئے درکار اسٹاف کا تقرر کیا جائے گا۔صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کے ہمراہ تقریب سنگ بنیاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ امکان ہے کہ تقریب میں چیف منسٹر یتیم خانہ کے طلبہ سے ملاقات کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT