Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا آج اور کل دورہ تروپتی

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا آج اور کل دورہ تروپتی

مندر میں قیمتی زیورات نذر کرنے کا امکان ، شادی تقریب میں بھی شرکت
حیدرآباد۔20 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو 21 اور 22 فبروری کو تروملا تروپتی دیواستھانم کا دورہ کریں گے اور مندر کے درشن کرتے ہوئے 5 کروڑ 59 لاکھ مالیتی زیورات نذر چڑھائیں گے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کے سی آر پہلی مرتبہ تروپتی جارہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے تلنگانہ کی اہم مندروں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں قیمتی نوادرات اور زیورات نذر کئے تھے۔ چیف منسٹر کے دو روزہ پروگرام کو قطعیت دی جاچکی ہے اور اس سلسلہ میں آندھراپردیش کے پولیس عہدیداروں کو پیام روانہ کرتے ہوئے کے سی آر کے لیے زیڈ پلس زمرے کی سکیوریٹی انتظامات کی خواہش کی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس انٹلیجنس تلنگانہ نے ایڈیشنل ڈی جی پی انٹلیجنس آندھراپردیش اور سکیوریٹی سے متعلق دیگر عہدیداروں کو چیف منسٹر کے پروگرام سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کے علاوہ ان کے ارکان خاندان ریاستی وزراء ای راجندر، ہریش رائو، پدما رائو، اندرا کرن ریڈی اور رکن پارلیمنٹ کویتا دورے میں شامل رہیں گے۔ چیف منسٹر 21 فبروری کو 3 بجکر 55 منٹ سہ پہر بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی طیارے سے پرواز کریں گے۔ 5 بجے شام وہ تروپتی انٹرنیشنل ایرپورٹ رینی گنٹا پہنچیں گے اور تروملا کے گیسٹ ہائوز میں رات میں قیام کریں گے۔ 22 فبروری کی صبح لارڈ وینکٹیشورا کے درشن کرتے ہوئے قیمتی زیورات نذر کریں گے۔ چیف منسٹر پشپا گری مٹھ میں ایک شادی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر 11:30 بجے دن پدماوتی مندر تریچنور ضلع چتور کے درشن کریں گے۔ چیف منسٹر 12:30 بجے دن خصوصی طیارے سے تروپتی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کریں گے اور 1:30 بجے دن حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ چیف منسٹر کی سکیوریٹی کے سلسلہ میں آندھراپردیش حکومت نے بھی ضروری ہدایات جاری کردی ہے۔ چیف منسٹر کے انتظامات کی نگرانی کے لیے حکومت کے مشیر کے وی رمنا چاری پہلے ہی روانہ ہوچکے ہیں۔ وہ دیواستھانم کے ایگزیکٹیو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں لہٰذا انہیں مندر میں چیف منسٹر کے انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ کمشنر انڈومنٹ شیوشنکر بھی تروپتی روانہ ہوئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT