Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / چیف منسٹر دہلی سے سی پی ایم اور جے ڈی یو قائدین کی ملاقات

چیف منسٹر دہلی سے سی پی ایم اور جے ڈی یو قائدین کی ملاقات

جے این یو تنازعہ کی ویڈیو سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 7 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی پی ایم اور جنتا دل متحدہ کے ایک وفد نے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی اور ان تنظیموں کے خلاف کارروائی پر زور دیا جنہوں نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں قوم دشمنی کا جنون بھڑکانے کیلئے ایک بناوٹی ویڈیو کا استعمال کیا تھا۔ حکومت دہلی نے 9 فروری کو منعقدہ جے این یو پروگرام کے بعض فوٹیج کی فارنسک جانچ کا حکم دیا تھا ، جس میں قوم دشمن نعرے بلند کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے لیکن اس ویڈیو سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے دوسروں کی آواز جوڑ دی گئی تھی اور اصل میں یہ آواز ان افراد کی نہیں تھی جنہوں نے پروگرام میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔ مذکورہ وفد نے بناوٹی ویڈیو کو بے نقاب کرنے پر کجریوال سے اظہار تشکر کیا اور تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر قصور وار تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے بتایا کہ مجسٹریل تحقیقات میں یہ پتہ چلا ہے کہ ویڈیو ٹیپ میں رد و بدل کیا گیا ہے اور فارنسک جانچ میں بھی ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی تصدیق کی گئی۔ لہذا اب شرپسند تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت سے جنہوں نے جے این یو طلباء کے خلاف قوم دشمن کا جنون بھڑکانے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے بتایاکہ چیف منسٹر نے وفد کے مطالبہ پر کارروائی کا تیقن دیا ہے اور یہ اطلاع دی ہے کہ بعض میڈیا کے اداروں کو نوٹسیں جاری کردی گئی ہیں جنہوں نے یہ شرانگیزی کی ہے ۔ اسی وفد میں سیتارام یچوری کے علاوہ جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ کے سی تیاگی بھی شامل تھے۔

TOPPOPULARRECENT