Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر نے دیوار چین اور تیانمن اسکوائر کا مشاہدہ کیا

چیف منسٹر نے دیوار چین اور تیانمن اسکوائر کا مشاہدہ کیا

حیدرآباد 13 ستمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ چین میں مسلسل مصروف ہیں۔ آج دورہ چین کے ساتویں دن بھی ان کی مصروفیات کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے کچھ تاریخی یادگار عمارتوں کا مشاہدہ کیا ۔ اتوار کو انہوں نے اپنے سرکاری وفد کے ساتھ دیوار چین کا مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے تاریخی تیانمین اسکوائر کا بھی آج مشاہدہ کیا ۔ چیف منسٹر نے تیانمین اسکوائر کا دورہ کرتے ہوئے وہاں 25 برس قبل جمہوریت کیلئے کی گئی جدوجہد کا تذکرہ کیا ۔ اس جدوجہد میں کئی جانیں تلف ہوگئی تھیں۔ تیانمین اسکوائر کو عوامی احتجاج کا مقام بھی کہا جاتا ہے اور اس کی چین میں وہی اہمیت ہے جیسی دہلی میں جنتر منتر کی ہے جہاں اکثر و بیشتر عوامی مسائل پر احتجاج  منظم کئے جاتے ہیں۔  چندر شیکھر راؤ اور ان کی ٹیم نے تلنگانہ کیلئے تقریبا 50,000 کروڑ روپئے سرمایہ کاری حاصل کرنے کے نشانہ کے ساتھ چین کا دورہ شروع کیا تھا ۔ انہوں نے چین میں مقامی بڑے تاجروں اور صنعتکاروں کے ساتھ مسلسل ملاقاتیں کیں اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے انہیں واقف کروایا ۔ چیف منسٹر نے آج یہاں اپنی مصروفیات کو مکمل کرنے کے بعد جنوب مشرقی چین میں شینزین شہر کیلئے روانہ ہوگئے ۔ چیف منسٹر کے ساتھ وفد میں اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری ‘ قانون ساز کونسل کے صدر نشین سوامی گوڑ ‘ ریاستی وزرا جے کرشنا راؤ ‘ جی جگدیش ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی سرینواس گوڑ اور جی بالراجو شامل ہیں۔ چیف منسٹر کا دورہ چین 15 ستمبر کو مکمل ہوگا اور وہ 16 ستمبر کو حیدرآباد واپس ہونگے ۔

TOPPOPULARRECENT