Monday , May 22 2017
Home / Top Stories / چیف منسٹر ٹاملناڈو پر آج فیصلہ ورنہ گورنر کیخلاف مقدمہ : سوامی

چیف منسٹر ٹاملناڈو پر آج فیصلہ ورنہ گورنر کیخلاف مقدمہ : سوامی

چینائی۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر و رکن راجیہ سبھا سبرامنیم سوامی نے ٹاملناڈو کے گورنر سی ایچ وِدیا ساگر راؤ سے ملاقات کے ایک دن بعد آج کہا کہ مؤخرالذکر (گورنر) کو ریاست میں حکومت کے قیام کے بارے میں کل تک کوئی فیصلہ کردینا چاہئے، ورنہ ان پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی حوصلہ افزائی کے الزام کے تحت ایک مقدمہ دائر کردیا جائے گا۔ سبرامنیم سوامی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’گورنر ٹاملناڈو کو چاہئے کہ چیف منسٹر کے بارے میں کل تک فیصلہ کریں، ورنہ دستور کی دفعہ 32 کے تحت ایک رِٹ درخواست دائر کی جائے گی جس میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت میں حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا جاسکتا ہے‘‘۔ ٹاملناڈو میں جب سے حکومت سازی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے، سبرامنیم سوامی نے اے آئی انا ڈی ایم کے کی جنرل سیکریٹری وی کے ششی کلا کو بحیثیت چیف منسٹر حلف دلانے کی حمایت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ششی کلا ارکان اسمبلی کی اکثریتی تائید حاصل ہے، تاہم بی جے پی کی ریاستی یونٹ نے خود کو سبرامنیم سوامی سے بے تعلق رکھا ہے اور کہا کہ انہوں نے مختلف راستہ اختیار کیا ہے۔ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کی صدر تاملی سائی سوندرا راجن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں یہ واضح کردینا چاہتی ہوں کہ یہ ٹاملناڈو بی جے پی کا موقف یا راستہ نہیں ہے‘‘۔ ٹاملی سائی نے مزید کہا کہ ’’وہ (سوامی) قومی عاملہ کے رکن ہیں اور ان کے نظریات ریاستی یونٹ کے موقف سے کوئی تعلق نہیں رکھتے‘‘۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT