Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر پر ریاست میں نقلی تخم کی ہمت افزائی کرنے کا الزام

چیف منسٹر پر ریاست میں نقلی تخم کی ہمت افزائی کرنے کا الزام

حیدرآباد۔ 13 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کارگذار صدر و قائد تلگو دیشم مقننہ پارٹی اے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ محض چندر شیکھر راؤ کے رشتہ دار کی کمپنی ہونے کی وجہ سے ہی نقلی تخم کو بچانے پردہ پوشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے دریافت کیا کہ آیا 8 نقلی تخم تیار کرنے والی کمپنیوں کی نشاندہی کرنے والے عہدیداروں کو زبردستی رخصت پر روانہ نہیں کیا گیا؟ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست میں نقلی تخم کی ہمت افزائی کررہی ہے اور نقلی تخم فراہم کرنے والی سیڈز کمپنیوں کی پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا خود حکومت میں نقلی وزراء ہیں تو ریاست میں نقلی تخم نہیں رہیں گے؟ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اب تک 2,600 کسانوں نے اپنی مالی پریشانیوں وغیرہ کے باعث خودکشی کرلینے پر مجبور ہوئے۔ قائد تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے کہا کہ ریاست میں ایک طرف نقلی تخم کے استعمال کی وجہ سے نقصانات سے دوچار ہیں تو دوسری طرف چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا یہ کہنا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام کسان (کاشت کار) بہت خوش ہیں انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے نقلی تخم فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT