Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / چیف منسٹر چوہان کا دورہ مندسور‘ متوفی کسان کے ورثاء کو امداد

چیف منسٹر چوہان کا دورہ مندسور‘ متوفی کسان کے ورثاء کو امداد

ایک کروڑ روپئے کا چیک پیش کیا گیا ‘ کسانوںپر فائرنگ کے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا تیقن
مندسور( مدھیہ پردیش) ۔14جون ( سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج مندسور کا دورہ کیا جہاں کسانوں کی ہڑتال کے دوران 5کاشتکاروں کی ہلاکت ہوگئی تھی ۔ انہوں نے مہلوک کسانوں میں سے ایک کے خاندان کو ایک کروڑ روپئے کا چیک حوالہ کیا ۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ روز مندسور میں کسانوں کی پُرتشدد ہڑتال کے دوران ہلاک 6کسانوں کے خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپئے کی مالی امداد منظور کی تھی ۔ یہ امداد چیف منسٹر کے امتیازی فنڈ سے منظورہ کی گئی اور اسے مندسورکلکٹر ای پیمنٹ سہولت کے ذریعہ دیں گے ۔ تعلقات عامہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ 6جون کو 5کسان ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ان کا ایجی ٹیشن مندسور میں تشدد کی شکل اختیار کرگیا تھا ۔ اس کے علاوہ ضلع مندسور کے موضع بدوان میں ایک 26سالہ کسان فوت ہوا تھا ۔ 9جون کو مقامی لوگوں نے الزام عائد تھا کہ اُسے پولیس والوں نے مارا پیٹا جس کے بعد وہ مرگیا ۔ چیف منسٹر چوہان اور ان کے ہمراہ اہلیہ سادھنا خصوصی طیارہ کے ذریعہ مندسور پہنچے اور وہاں سے موضع بدوان گئے تاکہ کسان گھنشام دھاکڑ کے ورثاء سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مالی امداد کا چیک حوالے کرسکیں ۔ یہ کسان پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوا تھا ۔ چیف منسٹر نے وعدہ کے مطابق مالی امداد کا چیک گھنشام کی فیملی کے حوالے کیا ۔ انہوں نے ارکان خاندان کو یقین دلایا کہ کسانوں پر فائرنگ کرنے والے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ چیف منسٹر چوہان آنے والے دنوں میں لودھ ‘ نیاکھیڈا ‘ پیپلیامنڈی ‘ بارکھیڑا پنتھ اور بدھ دیہاتوں کا دورہ بھی کرتے ہوئے پولیس فائرنگ میں ہلاک دیگر کسانوں کے خاندانوں کو پرسہ دیں گے ۔ ضلع نظم ونسق نے آج کے دورہ کیلئے وسیع تر سیکورٹی انتظامات کئے تھے ۔ مختلف مقامات پر 5ہیلی پیاڈ بنائے گئے تاکہ چیف منسٹر کسی مشکل کے بغیر متعلقہ مقام پہنچ جائیں ۔

TOPPOPULARRECENT