چیف منسٹر کا دورہ دہلی بی جے پی کے ساتھ میچ فکسنگ کا حصہ

   

ریونت ریڈی کا الزام، کسانوں کے حق میں مرکز سے تیقن میں ناکامی
حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا دورہ دہلی دراصل ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان میچ فکسنگ کا نتیجہ ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں سیاسی مقصد براری کیلئے کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہیں۔ چیف منسٹر کے دورہ دہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے دہلی میں دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔ دہلی میں مرکز کی جانب سے دھان کی خریدی پر کوئی تیقن نہیں دیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کسانوں کی صورتحال اور دھان کی خریدی کے مسئلہ پر عوام کے نام کھلا خط جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو دھان کی خریدی کے مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے۔ کسان گزشتہ کئی دن سے خریدی مراکز پر انتظار کررہے ہیں اور بارش کے نتیجہ میں دھان کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گمراہ کرنے کیلئے کے سی آر اور بی جے پی قائدین ایک دوسرے پر تنقیدوں کا ڈرامہ کررہے ہیں۔ اگر کے سی آر کو کسانوں سے واقعی ہمدردی ہوتی تو وہ دہلی میں اعلان کے مطابق احتجاج کرتے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس پر کسانوں کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے منڈل کی سطح پر کسانوں کے حق میں جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے سینئر قائدین کو انچارج مقرر کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ منڈل سطح پر دو دن تک احتجاج منظم کرتے ہوئے ضلع عہدیداروں کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کل 25 نومبر کسانوں کے احتجاج کے حق میں احتجاج کا دوسرا دن رہے گا۔ کئی سینئر قائدین نے آج پہلے دن مختلف اضلاع میں احتجاج کی قیادت کی۔ ر