Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کو عوام سے زیادہ صرف اپنے خاندان کے مفادات کی فکر

چیف منسٹر کو عوام سے زیادہ صرف اپنے خاندان کے مفادات کی فکر

کانگریس کے استحکام کیلئے کام کرنے کا عزم ۔ نو منتخب صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو
حیدرآباد /15 ستمبر (سیاست نیوز) نومنتخب صدر تلنگانہ اسٹیٹ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے عوامی جذبات کو تجارت میں تبدیل کرکے صرف اپنے خاندان کے مفا دکے  تحفظ کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ منعقد ہوئے یوتھ کانگریس تنظیمی انتخابات میں سابق ایم پی انجن کمار یادو کے فرزند انیل کمار نے اپنے حریف سابق رکن اسمبلی بھکشا پتی یادو کے فرزند روی کمار یادو پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس انتخاب میں انیل کمار یادو کو 4379 ووٹ، جب کہ روی کمار یادو کو 2523 ووٹ حاصل ہوئے۔ علاوہ ازیں انیل کمار کو علحدہ تلنگانہ یوتھ کانگریس کا پہلا ریاستی صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انھوں نے سیاست سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں پر مشتمل یوتھ کانگریس دراصل کانگریس کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جب بھی کانگریس کمزور پڑتی ہے اس کے استحکام میں یوتھ کانگریس اہم رول ادا کرتی ہے۔ وہ کانگریس کو مستحکم کرنے ذمہ دارانہ رول ادا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 2014ء کے عام انتخابات میں کانگریس کی شکست کی کئی وجوہات ہیں، جس میں ایک وجہ پارٹی اور رائے دہی سے نوجوانوں کی دوری بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ راہول گاندھی کے تیار کردہ اصولوں پر کام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کانگریس سے جوڑنے کی کوشش کریں گے، مختلف شعبوں میں نوجوانوں اور طلبہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور حق تلفی کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور پردیش کانگریس کے پروگرامس کو کامیاب بنانے میں اپنا مکمل تعاون پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہو گئے ہیں، جس سے عوام بالخصوص نوجوانوں میں چیف منسٹر اور حکومت کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملازمتوں کے نام پر نئے نئے قوانین اور شرائط کا اطلاق کرتے ہوئے نوجوانوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے ہر گھر کے ایک فرد کو ملازمت، بے گھر افراد کو ڈبل بیڈ روم کا مکان، دلت طبقات کو 3 ایکڑ اراضی، مسلمانوں اور قبائل طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد گرام پنچایت سے ریاستی سطح تک یوتھ کانگریس کے منتخب قائدین کا اجلاس طلب کرکے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT