Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کیمپ آفس پر دھرنا منظم کرنے کانگریس کی کوشش ناکام

چیف منسٹر کیمپ آفس پر دھرنا منظم کرنے کانگریس کی کوشش ناکام

احتجاجی قائدین کی سوماجی گوڑہ چوراہا پر گرفتاری ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی کا شدید رد عمل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کیمپ آفس پر دھرنا منظم کرنے کے خواہاں کانگریس قائدین کو پولیس نے سوماجی گوڑہ چوراہا پر روک دیا جس پر پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان بحث ہوگئی ۔ پولیس نے کانگریس قائدین کو گرفتار کرکے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ محبوب نگر ضلع پرجا پریشد اجلاس میں کانگریس رکن اسمبلی مسٹر رام موہن ریڈی پر ٹی آر ایس رکن اسمبلی مسٹر بلراج کی جانب سے حملے کی شکایت کرنے کے بعد کانگریس قائدین چیف منسٹر کیمپ آفس پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے روانہ ہوئے تھے ۔ پولیس نے انہیں سوماجی گوڑہ چوراہا پر روک لیا جس پر صدر کانگریس تلنگانہ پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر کانگریس ارکان اسمبلی مسٹر جی چنا ریڈی مسز ڈی کے ارونا مسٹر ٹی جیون ریڈی مسٹر سمپت کمار مسٹر ومشی چند ریڈی رکن پارلیمنٹ مسٹر ایم اے خاں ارکان قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین مسٹر ایم ایس پربھاکر مسٹر رنگاریڈی اور صدر پردیش کانگریس اقلیت مسٹر خواجہ محمد فخر الدین کے علاوہ دوسرے قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس کا رویہ ٹھیک نہیں ہے ۔ ظلم و زیادتی کے خلاف کانگریس پرامن احتجاج درج کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں من مانی چل رہی ہے ۔ نا انصافیوں کے خلاف آواز اُٹھانے کو برداشت نہیں کیا جارہا ہے ۔ حق کی آواز کو دبانے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ اس پر فوری ردعمل کا اظہار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان خراب دور سے گذر رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے تعاون نہ ملنے پر خود کشی کررہے ہیں ۔ کانگریس کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرنے 7 ستمبر کو تلنگانہ کے تمام اضلاع کلکٹرس پر احتجاجی دھرنے منظم کرے گی ۔

TOPPOPULARRECENT