Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کی توہم پرستی کی ایک اور مثال

چیف منسٹر کی توہم پرستی کی ایک اور مثال

انگریزی روزنامہ ’ تلنگانہ ٹوڈے ‘ کی اشاعت کی تاریخ پھر موخر
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے توہم پرست ہونے سے ہر کوئی واقف ہے تاہم گذشتہ دنوں ان کے ایک فیصلہ نے قریبی افراد کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔ حکومت کی سرپرستی میں انگریزی روز نامہ ’ تلنگانہ ٹوڈے‘ کی اشاعت کا فیصلہ کیا گیا اور کئی ماہ تک مختلف تواریخ کو طئے کرتے ہوئے لمحہ آخر میں تاریخ تبدیل کردی گئی۔حال ہی میں چیف منسٹر نے فیصلہ کیا تھا کہ انگریزی روز نامہ کی اشاعت کا 12 ڈسمبر کو آغاز ہوگا۔ چونکہ 12 ڈسمبر عید میلادالنبیؐ قرار پائی لہذا اس فیصلہ سے ان کے قریبی افراد اور صحافتی برادری نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا تھا کہ اخبار کی اشاعت کیلئے ایک متبرک دن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اخبار کے ایڈیٹر نے سوشیل میڈیا پر 12 ڈسمبر کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا تھا لیکن اچانک چیف منسٹر نے اچھے دن کی تلاش میں تاریخ کو آگے بڑھا کر 15 ڈسمبر مقرر کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے قریبی افراد نے اخبار سے وابستہ ملازمین کو تاریخ میں تبدیلی کی وجہ یہ بتائی کہ 12 ڈسمبر کی تاریخ بقول چیف منسٹر اچھا دن نہیں ہے لہذا 15 ڈسمبر نجومیوں اور پنڈتوں کی دی ہوئی تاریخ ہے۔ الغرض لمحہ آخر میں تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پھر ایک بار ثابت کردیا کہ وہ توہم پرستی پر زیادہ یقین رکھتے ہیں۔ جس وقت 12 ڈسمبر کی تاریخ طئے کی گئی ٹی آر ایس سے وابستہ اقلیتی قائدین بھی خوش ہوگئے اور انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ مسلم دوست چیف منسٹر نے ایک متبرک دن کا اخبار کے آغاز کیلئے انتخاب کیا۔ لیکن تاریخ میں اچانک میں تبدیلی نے انہیں بھی مایوس کردیا۔ واضح رہے کہ حکومت اور پارٹی کی سرگرمیوں کی تشہیر کیلئے پہلے ہی ایک تلگو چینل اور تلگو اخبار موجود ہے۔

TOPPOPULARRECENT