Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / چیف منسٹر کی سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی

چیف منسٹر کی سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی

پوری ریاست میں مختلف پروگرامس ، گورنر ، ڈپٹی چیف منسٹرس اور دیگر کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 61 ویں سالگرہ آج ریاست بھر میں ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے جوش و خروش سے منائی گئی۔ چیف منسٹر کیمپ آفس ، تلنگانہ بھون کے علاوہ شہر اور اضلاع کے مختلف مقامات پر چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر مختلف پروگراموں کا انعقاد عمل میں آیا ۔ آج صبح مختلف وزراء اور عوامی نمائندوں نے کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کی اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، چیف سکریٹری راجیو شرما ، ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما ، ڈپٹی چیف منسٹرس کڈیم سری ہری ، محمد محمود علی ، ریاستی وزراء سرینواس یادو ، این نرسمہا ریڈی ، پدما راؤ، پوچارام سرینواس ریڈی ، لکشما ریڈی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل اور ٹی آر ایس کے سینئر قائدین نے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔ قائدین کی جانب سے چیف منسٹر کی شال پوشی کی گئی اور گلدستے پیش کئے گئے۔ کئی ایک قائدین نے چیف منسٹر کے پیر چھوکر آشیرواد حاصل کیا۔ چیف منسٹر کیمپ آفس پر سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا تھا ۔

قیامگاہ پر اہم شخصیتوں سے ملاقات کے بعد چیف منسٹر نے جوبلی ہلز میں واقع پدما مندر میں خصوصی پوجا کے پروگرام میں حصہ لیا۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے اس پروگرام کو منعقد کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے نہ صرف اس تقریب میں شرکت کی بلکہ وہاں موجود عوام سے ملاقات کی۔ مندر کے پجاریوں نے استقبال کیا۔ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر علاقہ میں زبردست ہجوم جمع ہوچکا تھا۔ تلنگانہ بھون میں کے سی آر کی سالگرہ تقریب منائی گئی اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کیک کاٹا۔ میئر ڈی رام موہن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین اور دیگر قائدین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ٹی آر ایس کارکنوں کی جانب سے خون کے عطیہ کیمپ منعقد کئے گئے۔ نلگنڈہ میں وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کیک کاٹا اور خون کا عطیہ کیمپ کا آغاز کیا۔ سالگرہ کے موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور درازی عمر و ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی۔
چیف منسٹر نے گورنر کے پیر چھوکر آشیرواد لیا
حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنی سالگرہ کے موقع پر راج بھون پہنچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور ان کے پیر چھوکر آشیرواد لیا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اولین شہری اور بزرگ و قابل احترام گورنر کے پیر چھوکر ان کی دعائیں لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان کیلئے آج کا دن ایک یادگار دن ہے۔ گورنر اور ان کی اہلیہ شریمتی ویملا نرسمہن نے چیف منسٹر کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور درازی عمر کی دعا کی۔

TOPPOPULARRECENT