Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ دہلی کامیاب ، پراجکٹس کیلئے مرکز سے تعاون کا یقین

چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ دہلی کامیاب ، پراجکٹس کیلئے مرکز سے تعاون کا یقین

حیدرآباد۔21 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اپنے پانچ روزہ دورۂ دہلی کے بعد حیدرآباد واپس ہوگئے۔ انہوں نے واپسی کے بعد بااعتماد وزراء اور قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور دورۂ دہلی کی تفصیلات پیش کیں۔ چیف منسٹر نے اپنے اس دورے کو کامیاب قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کے پراجکٹس کی تکمیل میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے مختلف مرکزی وزراء سے کی گئی نمائندگیوں اور ان کے تیقنات کی تفصیلات بھی بتائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اگرچہ سابق میں بھی دہلی کا دورہ کیا تھا تاہم وہ اس دورے سے کافی خوش اور مطمئن نظر آئے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات کو بھی کامیاب قرار دیا۔ وزیراعظم کو تلنگانہ کے جن مسائل پر نمائندگی کی گئی ان کی یکسوئی کی توقع ظاہر کی۔ چیف منسٹر دہلی میں وزیراعظم کی جانب سے طلب کردہ بین ریاستی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ دہلی میں قیام کے دوران انہوں نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں تلنگانہ کے مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ان موضوعات کی نشاندہی کی گئی جنہیں ٹی آر ایس کی جانب سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم سے جن امور پر نمائندگی کی ان میں ہائی کورٹ کی تقسیم، سرکاری ملازمین کی تقسیم، ورنگل میں ٹکسٹائل پارک کا قیام، ورنگل میں میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد، راما گنڈم میں این ٹی پی سی تھرمل پراجیکٹ جیسے امور شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کو مشن بھگیرتھا پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اگست کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ کے دورے کا تیقن دیا ہے۔ کے سی آر نے دہلی میں وزیر فینانس ارون جیٹلی، وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر سے بھی مختلف امور پر نمائندگی کی۔ حیدرآباد واپسی کے بعد چیف منسٹر نے ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور دہلی میں ٹی آر ایس کا دفتر قائم کرنے کے لئے قائدین کو ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT