Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ کھمم،15 اور 16 فروری کو مقرر

چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ کھمم،15 اور 16 فروری کو مقرر

حیدرآباد۔/12فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کا جائزہ لینے کیلئے اضلاع کے دورہ کے پروگرام کے تحت 15 اور 16فبروری کو ضلع کھمم کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے ورنگل سے اپنے دورہ اضلاع کا آغاز کیا تھا اور وہاں تین دن تک قیام کرتے ہوئے ضلع میں ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیا اور مختلف نئی اسکیمات کو منظوری دی تھی۔ کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشورراؤنے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے دورہ کھمم کے پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ پروگرام کے مطابق 15فبروری کو چیف منسٹر کھمم پہنچیں گے اور کھمم سٹی میں درپیش عوامی مسائل کا جائزہ لیں گے۔ توقع ہے کہ وہ کھمم کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے۔ وہ شام میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عوامی بنیادی مسائل کی یکسوئی اور ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیں گے۔ وہ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے قائدین اور خاص طور پر اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کے ساتھ اجلاس میں ضلع میں پارٹی موقف کا جائزہ لیں گے۔ رات میں کھمم میں شب بسری کے بعد 16فبروری کو کے سی آر پالیرو ذخیرہ آب پر تعمیر کئے جانے والے لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 90کروڑ روپئے سے یہ پراجکٹ تعمیر کیا جائیگا۔ وہ تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر 7900کروڑ سے تعمیر کئے جانے والے سری رام پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر عمارات و شوارع نے ضلع عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت دی۔ انہوں  نے بتایا کہ چیف منسٹر ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ کھمم میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات سے قبل چیف منسٹر کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ ورنگل میونسپل کارپوریشن اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ میں منعقد کئے جائیں گے اور اس اعتبار سے چیف منسٹر نے دونوں اضلاع کے دورہ کا منصوبہ بنایا تھا جس میں ورنگل کا دورہ مکمل ہوچکا ہے اور اب 15 اور 16فبروری کو وہ کھمم کا دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT