Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کے سی آر کا محمد محمود علی اور عامر شکیل کی رہائش گاہوں پر خیر مقدم

چیف منسٹر کے سی آر کا محمد محمود علی اور عامر شکیل کی رہائش گاہوں پر خیر مقدم

عید کی مبارکباد ، خصوصی ڈشس سے تواضع ، تحائف کی پیشکشی ، وزراء اور اعلی عہدیداروں کی بھی شرکت
حیدرآباد۔/8جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کل عیدالفطر کے موقع پر پارٹی کے دو اقلیتی قائدین کی قیامگاہ پہنچ کر عید کی خوشیوں کو خود کو شامل کیا اور ارکان خاندان اور قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور رکن اسمبلی عامر شکیل کی قیامگاہ پہنچے جہاں رمضان کی خصوصی ڈِشیس سے چیف منسٹر ، وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کی تواضع کی گئی۔ چیف منسٹر نے دونوں قائدین کے افراد خاندان کو عید کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ تحائف بھی پیش کئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی قیامگاہ پر چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما، ریاستی وزراء ای راجندر، سرینواس یادو، پدما راؤ، ارکان پارلیمنٹ وشویشور ریڈی، ڈی سرینواس، رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم اور دیگر ٹی آر ایس قائدین و عہدیداروں میں کمشنر سائبر آباد نوین چند، آئی اے ایس عہدیداران احمد ندیم، عمر جلیل اور دوسرے موجود تھے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ امت مسلمہ کیلئے فیوض و برکات سے استفادہ کا موقع فراہم کرتا ہے اور اس کے اختتام پر عید منائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام مذاہب کے لوگ باہمی طور پر عید و تہوار میں شرکت کرتے ہوئے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ملک میں کسی بھی چیف منسٹر کو اس قدر اسکیمات کے آغاز کا اعزاز نہیں ہے۔ رمضان میں افطار اور کپڑوں کی تقسیم کیلئے حکومت نے 20کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ چیف منسٹر نے رکن اسمبلی عامر شکیل کی نو تعمیر شدہ رہائش گاہ واقع جوبلی ہلز پہنچ کر ارکان خاندان کے ساتھ خود کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای راجندر، پدما راؤ، اندرا کرن ریڈی، سرینواس یادو، ارکان پارلیمنٹ وشویشور ریڈی، ڈی سرینواس، نرسیا گوڑ، ڈی کے پاٹل، چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما، رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم، رکن اسمبلی جوبلی ہلز گوپی ناتھ کے علاوہ مذہبی شخصیتوں میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی،  مولانا عبدالمغنی مظاہری ( جمعیتہ العلماء ) مولانا حامد محمد خاں ( جماعت اسلامی ) حافظ محمد عثمان، مولانا مصدق قاسمی، مفتی زبیر، قاری محمد علی خاں، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا اظہر الدین ( جماعت اسلامی ) اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر علمائے کرام نے چیف منسٹر کی درازی عمر اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعاء کی۔ چیف منسٹر نے علماء سے خواہش کی کہ وہ اپنی خصوصی دعاؤں میں ریاست کی ترقی کو ہمیشہ شامل رکھیں۔ چیف منسٹر نے عامر شکیل کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور ان کے استقبال پر اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے رمضان کے خصوصی ڈِشیس کو نوش کیا۔ عامر شکیل کے والد جناب محمد اعظم اور فرزند محمد راحیل نے چیف منسٹر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر عامر شکیل کے دیگر رشتہ دار اور ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ عامر شکیل نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے ایوان کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور چیف منسٹر نے انہیں کمیٹی کا صدر نشین نامزد کیا ہے۔ عامر شکیل نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔

TOPPOPULARRECENT