Monday , October 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / چیف منسٹر کے سی آر کی وعدہ خلافی سے مسلمانوں میں تشویش

چیف منسٹر کے سی آر کی وعدہ خلافی سے مسلمانوں میں تشویش

بودھن /17 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن ڈیویژن کے عہدیداروں کے اجلاس کا بانی فورم جناب محمد خورشید حسین اختر کی زیر نگرانی انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر فورم ڈاکٹر لطیف قریشی جاگریدار نے کہا کہ موجودہ برسر اقتدار سیاسی جماعت ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو تلعیم و ملازمتوں میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے برسر اقتدار آنے کے بعد چار ماہ کے اندر قانون سازی کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ٹی آر ایس اقتدار سنبھالے ہوئے تقریباً 16 ماہ سے زائد کا عرصہ گذر گیا لیکن حکومت کی تحفظات کے تعلق سے صحیح سمت میں عدم پیش رفت کے باعث حکومت کی نیت پر شک و شبہات پائے جاتے ہیں ۔ چنانچہ ادارہ سیاست کی طرف سے ملازمتوں کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل تحفظات فراہم کرنے ریاستی سطح پر تحریک کا آغاز کیا گیا اور مسلمانوں میں تحفظات کے تعلق سے پھیلی ہوئی بے چینی سے حکومت کو واقف کروانے صحافت کے ذریعہ خبروں کو شائع کر رہے ہیں ۔ جناب خورشید اختر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں چار مسلم وزراء کو ریاستی کابینہ میں جگہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کے سی آر سے وعدے کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم قائد کو اپنی کابینہ میں شامل کیا جبکہ شہر سے نمائندگی کرنے والے مسلم ارکان مقننہ کی کثیر تعداد اسمبلی میں موجود ہے جبکہ سارے تلنگانہ سے ٹی آر ایس پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی بودھن سے واحد مسلم رکن جناب محمد شکیل عامر نے کانگریس پارٹی کے طاقتور قائد و ریاستی وزیر کو شکست دیکر کامیابی حاصل کی لیکن انہیں کابینہ تو درگنار کس کارپورشن کا عہدہ بھی نہیں دیا گیا ۔ حلقہ اسمبلی بودھن کے رائے دہندے حکومت کی اس پالیسی پر اپنی توہین محسوس کر رہے ہیں باقی ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے مسلم قائد جناب محمد فریدالدین سابقہ ریاستی وزیر کو کونسل نے نمائندگی فراہم کرتے ہوئے کے سی آر اپنی کابینہ میں شامل کرسکتے ہیں ۔ ان کے علاوہ جناب محمد سلیم ایم ایل سی کا شمار بھی مسلمانوں کے قد آور قائدین میں کیا جاتا ہے ۔ جناب عبداللہ قریشی نے کہا کہ رائے دہندوں میں کافی شعور بے دار ہوچکا ہے ۔ بہار کے انتخابی نتائج ہمارے سامنے موجود ہیں ۔ ورنگل کے ضمنی انتخابات کے نتیجہ پر عوام کی توجہ مرکوز ہے ۔ اس اجلاس سے مرزا جلیل بیگ محمد کلیم ، حافظ محسن نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں اجلاس میں گذشتہ سال کی فورم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور سال 2016 کے کیلینڈر کی اجرائی کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا اور حسب سابق اس سال بھی دو قسم کے کیلینڈر ایک بلا تصویر اور ایک تصویروں والا شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس اجلاس میں جمیل احمد ، عبدالقدوس رضوان ، محمد عمر ساجد خان و دیگر نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT