Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤکاآج سے پانچ روزہ دورہ دہلی

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤکاآج سے پانچ روزہ دورہ دہلی

صدرجمہوریہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت اوروزیر اعظم مودی سے ملاقات

حیدرآباد۔ /23 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ چار پانچ روزہ دورہ پرکل یعنی /24 جولائی کو دہلی کیلئے روانہ ہوں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ نومنتخب صدرجمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ مسٹر رام ناتھ کووند کے صدرجمہوریہ ہند منتخب ہونے کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مکمل تائید کی تھی ۔ مزید بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ اپنے قیام دہلی کے موقعہ پر صدرجمہوریہ ہند مسٹر رامناتھ کووند سے خیرسگالی ملاقات کریں گے اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ علاوہ ازیں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنانے میں بھرپور تعاون کرنے والے صدارتی عہدے سے سبکدوش ہونے والے صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی سے بھی ملاقات کریں گے اور اظہار تشکر کریں گے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ دہلی میں قیام کے دوران وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے بھی ملاقات کرکے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے اور دوران بات چیت نائب صدرجمہوریہ کیلئے نامزد امیدوار مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کی بھرپور تائید و حمایت کرنے کا اعلان کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی ایماء پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تقریباً تمام ارکان پارلیمان و قائدین نے نائب صدر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرکے اپنی اظہار یگانگت کرچکے ہیں اور بعض قائدین نے مسٹر وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرکے اپنی بھرپور تائید کا اعلان بھی کرچکے ہیں ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ دہلی میں مرکزی وزیر دفاع مسٹر ارون جیٹلی سے ملاقات کرکے تلنگانہ ریاستی سکریٹریٹ کی نئی عمارات کی تعمیر کیلئے پولو گراؤنڈ کی عاجلانہ حوالگی کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر موثر اقدامات کرنے کی خواہش کریں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر بعد ازاں مرکزی وزیر داخلہ مسٹر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے حلقہ جات اسمبلی میں اضافہ کرنے کیلئے ازسرنو حد بندی کرنے کی خواہش کی جائے گی اور سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ گزشتہ چھ ماہ سے جاری حلقہ جات اسمبلی کی تعداد میں اضافہ کے عمل کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں ہی بل پیش کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

 

TOPPOPULARRECENT