Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / چینائی ٹسٹ : انگلینڈ کے 477 رنز، انڈیا کی اچھی شروعات

چینائی ٹسٹ : انگلینڈ کے 477 رنز، انڈیا کی اچھی شروعات

چینائی، 17ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) معین علی (146) کی سنچری کے بعد اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے لیام ڈاوسن (ناٹ آوٹ 66) اور عادل راشد (60) کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو پہلی اننگز میں 477 رن کا مضبوط اسکور بنا لیا۔ ہندوستان نے اس کے جواب میں اسٹمپس تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 60 رن بنا لئے ۔ لوکیش راہل 68 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 30 رن بناکر اور وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل 52 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 29 رن بنا کر کریز پر ہیں۔ سلامی بلے باز مرلی وجے کو فیلڈنگ کے دوران کندھے میں چوٹ لگی جس کی وجہ سے وہ اوپننگ کرنے نہیں اترے ۔ وجے کی جگہ پارتھیو نے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالی۔ پارتھیو نے موہالی میں تیسرے ٹسٹ میں اوپننگ کی تھی۔ ہندوستان اب انگلینڈ کے اسکور سے 417 رن پیچھے ہے ۔  انگلینڈ کی پہلی اننگز چائے کے وقفہ کے کچھ دیر بعد 157.2 اوور میں 477 رن پر ختم ہوئی۔مہمان ٹیم کی اننگز میں بلے باز علی نے 146 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جو روٹ (88)، ڈاوسن (ناٹ آوٹ 66) اور راشد (60) نے نصف سنچری بنائی۔ انگلینڈ نے لنچ کے بعد سیشن میں 125 رن جوڑے ۔ ہندوستانی گیند بازوں میں اسپنر رویندر جڈیجہ نے 106 رن دے کر سب سے زیادہ تین وکٹ لئے جبکہ آف اسپنر روی
چندرن اشون کچھ مہنگے ثابت ہوئے اور 151 رن پر ایک وکٹ ہی لے سکے ۔ لیگ اسپنر امت مشرا نے 87 رن پر ایک وکٹ لیا۔ انہوں نے انگلش بلے باز جیک بال (12) کو بولڈ کرکے مہمان ٹیم کی اننگز سمیٹی۔ وہیں تیز گیند بازوں نے بھی کمال کا کھیل پیش کیا اور ٹیم میں واپسی کرنے والے ایشانت شرما نے 42 رن پر دو اور امیش یادو نے 73 رن پر دو وکٹ لئے ۔  انگلینڈ نے صبح لنچ تک سات وکٹ کے نقصان پر 352 رن بنائے ، لیکن اس کے بعد آٹھویں نمبر کے بلے باز لیام اور نویں نمبر کے عادل نے 41.3 اوور میں آٹھویں وکٹ کیلئے 108رنز کی سنچری شراکت کرتے ہوئے انگلینڈ کو 400 کے پار پہنچایا۔ امیش نے پھر اس شراکت پر بریک لگاتے ہوئے عادل کو پارتھیو کے ہاتھوں کیچ کرایا اور انگلینڈ کا آٹھواں وکٹ حاصل کیا۔ عادل نے 155 گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے لگا کر 60 رنز بنائے جو ان کی دوسری ٹسٹ نصف سنچری ہے اُن کے ساتھ اپنے کریئر کا پہلا ٹسٹ کھیل رہے لیام نے 148گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز کی پہلی نصف سنچری اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔

TOPPOPULARRECENT