Tuesday , October 17 2017
Home / دنیا / چین میں طوفان اور آندھی سے 78 افراد ہلاک

چین میں طوفان اور آندھی سے 78 افراد ہلاک

بیجنگ ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے جیانگسو میں ڑالہ باری اور تیز ہواؤں سے کم سے کم 78 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جمعرات کی شب آئے اس طوفان کے ساتھ تیز بارش بھی ہوئی۔ طوفان کے باعث زخمی ہونے والے تقریباً 500 افراد میں سے دو سو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ درجنوں مکان بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ جاریہ ہفتے کے آغاز میں جنوبی چین میں آنے والے سیلاب سے 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ طوفان کے بارے میں منظر عام پر آنے والے ایک ویڈیو میں زخمی بچہ جسے ہاسپٹل منتقل کیا جا رہا ہے اور گاڑیاں الٹی پڑی ہیں، درخت اکھڑ گئے ہیں اور اسٹریٹ لایٹس کے کھمبے گر گئے ہیں بجلی کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایک مقامی رہائشی نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شن ہوا کو بتایا کہ ’یہ بالکل ایسا تھا جیسے دنیا ختم ہو گئی ہے۔‘’میں تیز آندھی کی آواز سنی تو کھڑکی بند کرنے کے لیے اوپر بھاگا۔ میں ابھی مشکل سے ہی اوپر کی منزل پر پہنچا تھا کہ میں نے ایک زوردار آواز سنی اور دیکھا کہ کھڑکی سمیت دیوار گر چکی ہے۔‘ چین کے صدر شی جن پنگ نے طوفان سے متاثرہ افراد کی ’ہر ممکن امداد‘ کا حکم دیا ہے۔جاریہ  ہفتے کے دوران چین کے بیشترً علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی ۔ ملک کے جنوبی حصے میں آنے والے سیلاب سے تقریباً دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق ان سیلاب کی وجہ سے معیشت کو 41 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT