Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / چین میں پاور پلانٹ کا پلیٹ فارم منہدم ۔67 افراد ہلاک

چین میں پاور پلانٹ کا پلیٹ فارم منہدم ۔67 افراد ہلاک

بیجنگ 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم 67 افراد آج اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ مشرقی چین کے جیانگسی صوبہ میں ایک زیرتعمیر پاور پلانٹ کا پلیٹ فارم منہدم ہوگیا ۔ یہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین میں حالیہ عرصہ میں پیش آنے والا تازہ ترین صنعتی حادثہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ صبح سات بجے پیش آیا جب ایک کولنگ ٹاور پلیٹ فارم زمین پر آگرا ۔ اس کے نتیجہ میں اس کے نیچے کام کر رہے مزدور دب گئے ۔ کہا گیا ہے کہ جب یہ پلیٹ فارم منہدم ہوا اس وقت 70 افراد یہاں کام کر رہے تھے ۔ 67 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ایک شخص لاپتہ بتایا گیا ہے جبکہ دو افراد زحمی ہیں۔ صدر ژی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیقیانگ نے مقامی حکام سے کہا ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ زخمیوں کا علاج کروایا جائے اور وہاں ہر ممکن مدد کی جائے ۔ زائد از 200 فائر فائٹرس کو بچاؤ کاموں کیلئے متعین کیا گیا ہے اور وہاں کتوں کی بھی مدد لی جا رہی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ 32 فائر انجن اور 212 فوجی اہلکاروں کو بھی وہاں متعین کردیا گیا ہے ۔ بچاؤ اور امدادی کاموں کیلئے دو ڈرونس اور سات کرینوں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ سرکاری چینل سی سی ٹی وی سے پتہ چلا ہے کہ وہاں ملبہ چاروں طرف پھیلا پڑا ہے اور لوگ اس میں سے زندہ بچنے والوں کو نکالنے کیا کوشش کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہاں 1.1 بلین کی لاگت سے ایک پاور پلانٹ تعمیر کیا جا رہا تھا جس کی توسیع کیلئے یہ کولنگ ٹاور کی تیاری عمل میں آ رہی تھی ۔ یہ پاور پلانٹ ایک سرکاری کارپوریشن جیانگکسی گننینگ کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے تعمیر کیا جا رہا تھا ۔ آج کے حادثہ کے بعد اس کمپنی کے حصص کی تجارت کو معطل کردیا گیا تھا ۔ یہاں پلیٹ فارم کے ساتھ کئی مقامات پر سیڑھیاں بھی منہدم ہوگئیں۔

TOPPOPULARRECENT