Wednesday , August 23 2017
Home / دنیا / چین کی یوروپ میں روس اور خلیج میں ایران کیساتھ جنگی مشقیں

چین کی یوروپ میں روس اور خلیج میں ایران کیساتھ جنگی مشقیں

بیجنگ ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روس اور چین پہلی مرتبہ یورپی ممالک کے بالکل قریب بحیرہ بالٹک میں مشترکہ جنگی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب چین نے قطر بحران کے پس منظر میں خلیج فارس میں ایران کے ساتھ مشترکہ جنگی بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق بحیرہ بالٹک کی جنگی بحری مشقوں میں حصہ لینے کے لیے چین کے کئی جنگی بحری جہاز روانہ ہو چکے ہیں، جو اس ہفتے کے اختتام پر ’بالٹیئسک‘ نامی بندرگاہ تک پہنچ جائیں گے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ذرائع کے مطابق ہالینڈ کی بحریہ نے بھی چینی بیڑے کے خطے میں موجودگی کی اطلاع دی ہے۔ چینی بیڑے میں ایک جنگی، ایک طیارہ بردار اور ایک رسد پہنچانے والا جہاز شامل ہیں۔ یہ ان دونوں ممالک کے بحری دستوں کی پہلی مشترکہ جنگی مشقیں ہوں گی۔ چین ایشیا سے باہر اپنی فوجی موجودگی کو بڑھانے میں لگا ہوا ہے۔ ابھی گزشتہ دنوں ہی چین نے جبوتی میں اپنا پہلا غیر ملکی فوجی اڈہ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔دوسری جانب قطر بحران کے تناظر میں ایران اور چین نے مشترکہ طور پر خلیج فارس میں جنگی بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ایرنا کے مطابق ان مشقوں میں ایران کا ایک اور چین کے دو جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ہونے والی ان مشقوں میں 700 ایرانی فوجی شریک ہیں۔

TOPPOPULARRECENT