Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈائرکٹر اکسائز انفورسمنٹ اکون سبھروال کو ڈرگس مافیا کی دھمکیاں

ڈائرکٹر اکسائز انفورسمنٹ اکون سبھروال کو ڈرگس مافیا کی دھمکیاں

رہائش اور بچوں کی تعلیم کے مقامات کا علم ہونے کا اظہار، انٹلیجنس عہدیداروں کا سخت نوٹ
حیدرآباد ۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں سنسنی مچانے والے منشیات کی تحقیقات میں مصروف اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال کو ڈرگس مافیا سے دھمکی آمیز ٹیلیفون کال وصول ہورہے ہیں۔ واضح رہیکہ اکون سبھروال نے حیدرآباد کو اندرون 2 سال منشیات سے پاک بنادینے کا اعلان کیا ہے اور عملی اقدامات بھی شروع کردیئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے منشیات کے خاتمہ کیلئے مکمل آزادی دی ہے۔ وزیر ہو یا حکمران جماعت کا منتخب عوامی نمائندہ منشیات معاملت میں ملوث ہو تو سخت سے سخت کارروائی کرنے کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ تلگو فلمی انڈسٹری ٹالی ووڈ کے علاوہ ’’پب‘‘ انتظامیہ کو نوٹس دیتے ہوئے محکمہ اکسائز کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تحقیقات کررہی ہے۔ محکمہ اکسائز کے ڈرگس کے خلاف جارحانہ تیور سے منشیات مافیا بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اس مافیا نے اکون سبھروال کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انہیں دھمکانے کی کوشش کی ہے۔ آپ کہاں رہتے ہو اس کی جانکاری ہے۔ آپ کے بچے کونسے اسکول میں زیرتعلیم ہے ںاس کا بھی علم ہے۔ منشیات کے معاملے میں اور بھی آگے بڑھنے کی کوشش کی گئی تو سنگین نتائج سے دوچار ہونا پڑے گا۔ اس طرح کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ عہدیداروں نے پتہ چلایا ہیکہ وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکال کے ذریعہ اکون سبھروال کو فون کرتے ہوئے دھمکی دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ منشیات کے خلاف جاری مہم میں اب منشیات کا عالمی مافیا بھی میدان میں کود پڑا ہے اور منشیات کے خلاف جنگ چھیڑنے والے اکسائز انفورسمنٹ ڈائرکٹر پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ اکون سبھروال منشیات کے خلاف دلیری کا مظاہرہ کیا ہے جس سے سرکاری حلقوں، تعلیمی اداروں اور منشیات کی لت میں مبتلاء بچوں کے والدین اور ٹالی ووڈ میں امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے جو منشیات مافیا کو کھٹک رہی ہے۔ ان کی منشیات تجارت بڑی حد تک متاثر ہوگئی ہے۔ ہر طرف پولیس اور اکسائز چھاپے مارتے ہوئے ڈرگس کے ساتھ ساتھ ڈرگس سربراہ کرنے والوں کو گرفتار کررہے ہیں۔ اپنی تجار ت کو ہونے والے نقصانات پر منشیات مافیا فکرمند ہے اور کون سبھروال کو ٹیلیفون کرتے ہوئے دھمکیاں دے رہا ہے۔ اکثر اس طرح کے دھمکی آمیز ٹیلیفون کالس ساوتھ افریقہ سے زیادہ آتے ہیں وہاں منشیات مافیا اتنا خطرناک ہے کہ ان کے دھندے میں مداخلت کرنے والے بڑے سے بڑے پولیس آفیسرس کو راستے سے ہٹانے کیلئے وہ کچھ بھی کرجاتے ہیں ساوتھ افریقہ میں اس طرح کے کئی واقعات منظرعام پر آئے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں منشیات کی سربراہی میں ساوتھ افریقہ کا اہم رول رہا ہے۔ حیدرآباد میں بھی نائجیریائی باشندے کچھ عرصے سے بڑے پیمانے پر منشیات پھیلارہے ہیں۔ ماضی میں بھی ا نہیںگرفتار کیا گیا مگر اس مرتبہ اکون سبھروال منشیات مافیا کے خلاف سخت کارروائی کررہے ہیں۔ منشیات مقدمہ میں گرفتار کیلوین کے انٹرنیشنل ڈرگ مافیا سے تعلقات ہونے کا تحقیقات میں علم ہوا ہے۔ دھمکی آمیز ٹیلیفون کالس کا انٹلیجنس کے عہدیداروں نے سخت نوٹ لیا ہے۔ پھر ایک مرتبہ کیلوین سے پوچھ تاچھ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں تاکہ دھمکی آمیز ٹیلیفون کال کی تہہ تک پہنچا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT