Friday , July 28 2017
Home / جرائم و حادثات / ڈاکوؤں کی باپ بیٹا و دیگر پر مشتمل ٹولی گرفتار

ڈاکوؤں کی باپ بیٹا و دیگر پر مشتمل ٹولی گرفتار

باپ نے اپنے بیٹے کو ڈاکہ زنی کی ٹریننگ دی ، زیورات ضبط
حیدرآباد /23 مئی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے لٹیرے باپ بیٹوں کی بدنام زمانہ ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبرآباد پولیس نے ایک کارروائی کے دوران شدت سے مطلوب اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور ان کے قبضہ سے 13 لاکھ مالیتی طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے باپ اور بیٹے کے علاوہ اس ٹولی کے ایک اور رکن کوجو ان کا رشتہ دار ہے حراست میں لے لیا ۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے اس ٹولی کو پیش کیا اور اس ٹولی کی گرفتاری میں اہم رول ادا کرنے والے پولیس ملازمین کو اعزاز پیش کیا ۔ اس موقع پر جوائنٹ کمشنر سائبرآباد پولیس مسٹر شہنواز قاسم و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹولی کے اصل سرغنہ 30 سالہ سینو کے بشمول 58 سلہ کشن اور 28 سالہ ایس راملو کو گرفتار کرلیا گیا۔ جن کا تعلق ضلع ناگرکرنول سے بتایا گیا ہے ۔ کشن جو سینو کا والد ہے اس کا 25 سالہ مجرمانہ ریکارڈ ہے اور ٹولی کے یہ اراکین بشمول باپ اور بیٹا مجرمانہ ریکارڈ اور پیشہ ور عادی مجرمین ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کشن نے اپنے بیٹے کو سرقہ ، رہزنی اور سڑکوں پر لوٹ مار ڈاکہ زنی کی تربیت دی تھی اور اکثر سرقہ کی وارداتیں انجام دینے کیلئے وہ اپنے بیٹے کو ساتھ لے جاکر اسے چوری کے ہنر سکھایا کرتا تھا ۔ حیدرآباد (محبوب نگر سڑک پر کشن اپنے بیٹے سینو کے ذریعہ رہزنی اور ڈاکہ زنی کی پریکٹس کرواتا تھا ۔ جبکہ اس ٹولی کا گرفتار ایک اور رکن پی راملو بھی انکا قریبی رشتہ دار ہے ۔ جس کو انہوں نے اس کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اپنی ٹولی میں رکھ لیا تھا ۔ سائبرآباد پولیس نے اس ٹولی کے مجرمانہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم کو تشکیل دیا تھا اور اس کے ذریعہ جال بچھاکر پولیس نے بڑی مشقت کے بعد اس باپ بیٹے کی ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ اس ٹولی کی گرفتاری کے بعد پولیس نے 13 معاملات کو حل کرنے میں پیشرفت کا دعوی کیا ہے۔ ٹولی نے شمش آباد ، شاہ آباد اور مہیشورم راچہ کنڈہ حدود میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے سبب عوام کو پریشان کر رکھا تھا ۔ امکان ہے کہ بہت جلد ان کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی ۔ اس موقع پر پولیس سائبرآباد کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT