Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / ڈاکٹر عبدالکلام کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے متحدہ کوششیں ضروری

ڈاکٹر عبدالکلام کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے متحدہ کوششیں ضروری

ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا سابق صدرجمہوریہ نے خواب دیکھا تھا، رامیشورم میں قومی یادگار کا افتتاح، وزیراعظم کا خطاب
رامیشورم 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لئے سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے خواب کو پورا کرنے کے لئے مل جل کر کام کریں۔ سال 2022 ء تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ اس سال ہندوستان اپنی آزادی کے 75 ویں دور میں داخل ہوگا۔ ملک میں 125 کروڑ عوام رہتے ہیں۔ ہر کوئی ایک ایک قدم آگے بڑھائے گا تو 125 کروڑ عوام پر مشتمل یہ ملک 125 کروڑ قدم آگے بڑھے گا۔ اُنھوں نے رامیشورم ٹاملناڈو میں ڈاکٹر عبدالکلام کی یاد میں قائم کردہ ایک قومی یادگار کا افتتاح کرنے کے بعد مرحوم میزائیل مین کے آبائی ٹاؤن میں اس جزیرہ کے قریب ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت نے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ ان اسکیمات میں اسٹانڈاپ انڈیا ہو یا اسٹارٹ اپ انڈیا، امرت سٹیز ہو یا اسمارٹ سٹیز یا کلین انڈیا پراجکٹ یہ تمام ڈاکٹر عبدالکلام کے خوابوں کو پورا کرنے والے ہیں۔ ہندوستان کو ترقی دینے کا ڈاکٹر عبدالکلام نے جو خواب دیکھا تھا ہم نے اِسی خواب کی بنیاد پر پراجکٹس تیار کئے ہیں۔ اگر ہر کوئی مل جل کر کام کرے گا تو ایک ترقی یافتہ ہندوستان یقینی ہے۔ اُنھوں نے رامائن کے حوالے سے بتایا کہ بھگوان رام کو سری لنکا تک سمندر پار پُل رام سیتھو تعمیر کرنے میں ایک چھوٹے سے پرندے نے مدد کی تھی۔ اگر عوام اِس پرندے کی طرح خود کو پابند عہد کرلیں تو وہ بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

یہاں سے 15 کیلو میٹر دور منڈپم مقام پر عوام کے کثیر ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے نوجوانوں اور اِس مقدس ٹاؤن کا دورہ کرنے والے یاتریوں پر زور دیا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی یاد میں بنائے گئے اِس مقام کا بھی دورہ کریں۔ اِس مقام کو ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔ سابق صدرجمہوریہ نے ایک طویل عرصہ تک ڈی آر ڈی او میں خدمت انجام دی تھی۔ نریندر مودی نے اِس یادگار کی تعمیر میں مزدوروں کی محنت کی ستائش کی اور کہاکہ اِن مزدوروں نے ہر روز اپنی جانب سے بغیر اُجرت کے دو گھنٹے زائد کام کیا تاکہ اپنے محبوب سابق صدرجمہوریہ کو خراج پیش کرسکیں۔ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک معمول کا کام کیا جاتا ہے لیکن اِن مزدوروں نے صرف ایک گھنٹے کے کھانے کے وقفے کے سوا کوئی دوسرا وقفہ نہیں لیا بلکہ زائد دو گھنٹے کام کیا۔ اِن مزدوروں نے اضافی دو گھنٹے کی اُجرت لینے سے بھی انکار کیا۔ ان کا ماننا تھا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی یادگار کی تعمیر میں اِن کا بھی حصہ ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر عبدالکلام کو ْزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جن کی آج دوسری برسی منائی جارہی ہے نریندر مودی نے کہاکہ سابق صدرجمہوریہ کی تعلیمات اور اُن کے خیالات ملک کے لاکھوں کروڑوں عوام کے لئے مشعل راہ ہے۔ ملک کے ہر کونے سے تعلق رکھنے والے عوام یہاں آئیں گے اور ڈاکٹر کلام کو خراج پیش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT